جوڈیشل کمیشن کا اجلاس،پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو سپریم کورٹ میں لانے اور جسٹس فصیح الملک کو نیا چیف جسٹس بنانے کی سفارش منظور

منگل 7 جنوری 2014 08:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جنوری۔2014ء) چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تعیناتی کے لئے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کے پہلے اجلاس میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس دوست محمد کو سپریم کورٹ کا جج بنانے اور جسٹس فصیح الملک کو چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ مقرر کرنے کی سفارش کردی ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس پیر کے روز منعقد کیا گیا جس میں جوڈیشل کمیشن کے تمام ارکان نے شرکت کی اور کثرت رائے سے چیف جسٹس دوست محمد کی بطور جج سپریم کورٹ تعیناتی اور ان کی جگہ جسٹس فصیح الملک کو نیا چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ مقرر کرنے کے حوالے سے غور و خوض کے بعد مذکورہ ججز کی تعیناتی کی سفارش کی ہے۔

جسٹس تصدق حسین جیلانی نے پہلی مرتبہ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کی بطور چیئرمین صدارت کی اس سے قبل وہ بطور ممبر کام کررہے تھے۔طریق کار کے مطابق اب یہ سفارشات ججوں کی تقرری کے حوالہ سے بنائے گئے پارلیمانی کمیشن کو بھیجی جائیں گی جس کی منظوری کے بعد وزیراعظم صدر کو سفارش کریں گے اور ان کی تقرری عمل میں لائی جائے گی۔