عراق میں القاعدہ سے وابستہ تنظیم کے نائب امیر کی ہلاکت،شورش زدہ صوبہ الانبار میں تین روز میں 200سے زیادہ افراد مارے گئے ہیں ،رپورٹس

منگل 7 جنوری 2014 07:51

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جنوری۔2014ء) عراق میں القاعدہ سے وابستہ تنظیم ریاست اسلامی عراق وشام (آئی ایس آئی ایل) کا نائب کمان دار شورش زدہ صوبے الانبار میں سرکاری فوج اور قبائلی جنگجووٴں کے ساتھ لڑائی میں مارا گیا ہے۔بغداد میں العربیہ نیوزچینل کے نمائندے نے الانبار میں لڑائی میں ابو عبدالرحمان البلاوی کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے لیکن آئی ایس آئی ایل نے اس کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی ہے۔

الانبار میں گذشتہ تین روز میں القاعدہ کے جنگجووٴں اور عراقی فورسز اور ان کے اتحادی مقامی قبائلی جنگجووٴں کے درمیان خونریز لڑائی میں دوسو سے زیادہ افراد مارے گئے ہیں۔قبل ازیں وزیراعظم نوری المالکی نے فلوجہ کے مکینوں اور قبائل سے کہا ہے کہ وہ سکیورٹی فورسز کے بھرپور حملے سے بچنے کے لیے ''دہشت گردوں'' کو نکال باہر کریں۔

(جاری ہے)

عراق کے سرکاری ٹیلی ویڑن کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کو فلوجہ کے رہائشی علاقوں کو نشانہ نہ بنانے کی ہدایت کی ہے۔

عراقی سکیورٹی فورسز اور القاعدہ سے وابستہ تنظیم کے جنگجووٴں کے درمیان سوموار کو رمادی کے شمال ،شمال مشرق اور جنوب اور فلوجہ کے مشرق میں واقع علاقوں میں جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں۔عراقی فوج نے فلوجہ کا محاصرہ کر لیا ہے اور وہ شہر پر جنگجووٴں کے خلاف ایک بڑے حملے کی تیاری کررہی ہے۔القاعدہ سے وابستہ تنظیم ریاست اسلامی عراق وشام نے گذشتہ ہفتے صوبے کے شہر فلوجہ میں مکمل اور صوبائی دارالحکومت رمادی کے بیشتر حصوں پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔

اب عراقی فورسز مقامی قبائل کی مدد سے ان شہروں کا دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔فلوجہ میں لڑائی کے بعد بیسیوں خاندان اپنا گھربار چھوڑ کر نزدیک واقع قصبوں کی جانب چلے گئے ہیں۔فلوجہ کے مکینوں نے بتایاہے کہ شہر کو دارالحکومت بغداد سے ملانے والی شاہراہ پر القاعدہ کے جنگجووٴں اور عراقی فورسز کے درمیان لڑائی جاری ہے۔الانبار میں عراقی فوج کی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل رشید فلیح نے سرکاری ٹی وی سے نشر ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنگجووٴں کو فلوجہ اور رمادی کے علاقوں سے نکال باہر کرنے کے لیے دوسے تین دن درکار ہوں گے۔

ادھر بغداد کے نواح میں واقع قصبے ابو غریب میں تیزرفتار کار میں سوار جنگجووٴں نے فوج کے ایک چیک پوائنٹ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دو فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :