کراچی اسٹاک مارکیٹ میں نئے ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری ،کے ایس ای 100انڈیکس 26ہزار100پوائنٹ کی بلند ترین سطح پر بند

منگل 7 جنوری 2014 07:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جنوری۔2014ء)کراچی اسٹاک مارکیٹ میں نئے ریکارڈ بننے کا سلسلہ پیر کے روز بھی جاری رہا اور کے ایس ای 100انڈیکس26ہزار200کی تاریخی سطح عبور کرنے کے بعد 26ہزار100پوائنٹ کی بلند ترین سطح پر بندہوا۔ کاروباری تیزی کے سبب56 ارب روپے کے ریکارڈ اضافے سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ63کھرب روپے سے تجاوز کرگیا جبکہ کاروباری حجم بھی جمعہ کی نسبت 1کروڑ شےئر زائد رہا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا آغاز تیزی کے ساتھ رہا۔امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل کی جانب سے پاکستانی اسٹاک مارکیٹ کو دنیا کی بہترین مارکیٹ قرار دینے کی خبر پر سرمایہ کار پراعتماد نظرآئے جبکہ او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل سمیت 31 قومی اداروں کی فروخت سے متعلق نجکاری کمیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹر کا اجلاس آنیوالے دنوں میں ہونے کی اطلاعات پر پاکستانی انویسٹرز کیساتھ غیر ملکی سرمایہ کار بھی متحرک رہے،سیمنٹ ، بینکنگ اور انرجی سیکٹر میں نمایاں سرمایہ کاری کے باعث ہنڈریڈ انڈیکس میں ایک موقع پر 250 پوائنٹ سے زائد کے اضافے سے انڈیکس26300پوائنٹ کی سطح کے قریب پہنچ گیاتاہم یہ لیول مارکیٹ کے اختتام تک برقرار نہ رہ سکا ۔

(جاری ہے)

اسٹاک ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو مارکیٹ کو مزید بلندی کی طرف لے جا رہی ہے بینکوں کے بہتر مالیاتی نتائج کے توقعات مارکیٹ کو تقویت دے رہے ہیں افراط زر کی شرح میں کمی کے امکانات تیزی کے رجحان کو برقرارر رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔پیر کے روز منافع بخش شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کی بدولت کے ایس ای 100انڈیکس میں123.12پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور100انڈیکس 26046.71پوائنٹ سے بڑھ کر26169.83پوائنٹ تک جاپہنچا ۔

اسی طرح 35.06پوائنٹ کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس19390.46پوائنٹ اورکے ایس ای آل شےئر انڈیکس 19280.61پوائنٹ سے بڑھ کر19455.56پوائنٹ پر بند ہوا ۔بازار حصص کی سرگرمیوں میں اضافے اور کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمایہ میں56ارب 48 کروڑ92 لاکھ سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 62کھرب55ارب 83کروڑ 70لاکھ24ہزار565روپے سے بڑھ کر 63کھرب12ارب32کروڑ62لاکھ27ہزار735روپے ہوگیا ۔

پیر کو مارکیٹ میں28کروڑ25لاکھ حصص کا کاروبار ہوا جبکہ گزشتہ جمعہ کو 27کروڑ79لاکھ حصص کا کاروبار ہوا تھا ۔کراچی اسٹاک مارکیٹ میں پیر کے روز مجموعی طور پر 410کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 228کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،171میں کمی اور11کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔کاروبار کے لحاظ سے پی آئی اے 3کروڑ80لاکھ،پاکجین پاور 2کروڑ43لاکھ،فیصل بینک1کروڑ12لاکھ،بینک آف پنجاب97لاکھ اور فوجی سیمنٹ 81لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے نیسلے پاکستان کے بھاؤ میں 423.75روپے اور پاک ٹوبیکو کے بھاؤ میں31.29روپے کا نمایاں اضافہ جبکہ صنوفی ایونٹس کے بھاؤ میں24.03روپے اور باٹا پاکستان کے بھاؤ میں 20روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

متعلقہ عنوان :