پاکستانی ٹیم کے ساتھ دو سالہ دور کا اختتام سری لنکا کے خلاف جیت سے کرنا چاہتا ہوں ،واٹمور

منگل 7 جنوری 2014 07:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جنوری۔2014ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور نے کہا ہے کہ اگر پاکستانی ٹیم کے ساتھ ان کے دو سالہ دور کا اختتام سری لنکا کے خلاف جیت سے ہو تو انہیں بہت خوشی ہوگی۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایک انٹرویو میں ڈیوواٹمور کا کہنا تھا کہ کہ سری لنکا وہ ٹیم ہے جس کی میں نے چھ سال کوچنگ کی، اس ملک میں میں پیدا ہوا۔

ان میں سے بعض کھلاڑی میرے دوست ہیں لیکن جب ہم میدان میں اترتے ہیں تو ہم حریف ہوتے ہیں،میں چاہتا ہوں کہ اپنا دور ایک جیت کے ساتھ ختم کروں۔‘واٹمور کا کہنا ہے کہ اگر ان کی ٹیم 20 وکٹیں حاصل کر لے تو وہ جیت سکتی ہے۔پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی 179 رنز کی برتری پر واٹمور کا کہنا تھا کہ ’ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے آپ کے لیے 20 وکٹیں لینا ضروری ہے اور پھر اچھی بیٹنگ کریں۔

(جاری ہے)

ہم مصباح الحق اور یونس خان کی سنچریوں سے فائدہ نہیں اٹھا سکے اور ایک بڑی برتری حاصل نہیں کر سکے۔‘پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھیوز نے دوسری اننگز میں اپنے کریئر کا بہترین سکور 157 بنا کر سری لنکا کو شکست سے بچا لیا تھا۔سری لنکا کے خلاف 49 اوورز کروانے کے باوجود سعید اجمل کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے جس کے بارے میں واٹمور کا کہنا تھا کہ یہ فکر کی بات نہیں۔

’میرے خیال میں یہ پریشانی کی بات نہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ تھی کہ انہیں وکٹ سے مدد نہیں مل رہی تھا اور دوسرا مخالف ٹیم اچھی بیٹنگ کر رہی تھی۔‘پاکستان کو امید ہے کہ دبئی کی وکٹ ان کے سپنروں کے لیے مددگار ثابت ہوگی اور امید کی جا رہی ہے کہ اس میچ میں سعید اجمل کے ہمراہ سپنر عبدالرحمان کو بھی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔سری لنکا وہ ٹیم ہے جس نے 1996 میں ڈیو واٹمور کی کوچنگ میں ہی ورلڈ کپ جیتا تھا۔

واٹمور نے مارچ 2012 میں پاکستان ٹیم کے کوچنگ کے فرائض سنبھالے تھے۔ اس دوران پاکستان نے ابھی تک کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی ہے لیکن ان کے دور میں انڈیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف انہیں کے ہوم گراوٴنڈ میں ایک روزہ میچوں کی سیریز میں جیت قابل ذکر ہیں۔واٹمور کے کوچنگ کریئر کی خاص بات 18 سال قبل سری لنکا کے ساتھ ورلڈ کپ جیتنا ہے۔واٹمور سری لنکا میں پیدا ہوئے تھے لیکن انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے سات ٹیسٹ اور ایک ون ڈے میچ کھیلا تھا۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ گزشتہ ہفتے برابر ہوگیا تھا۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ بدھ سے دبئی میں شروع ہوگا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 16 جنوری سے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :