ایف اے کپ کے تیسرے راونڈ میں سوانسی سٹی نے مانچیسٹر یونائیٹڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد اپ سیٹ شکست دیتے ہوئے ایونٹ سے باہر کردیا

منگل 7 جنوری 2014 07:46

اولڈ ٹریفورڈ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جنوری۔2014ء)ایف اے کپ کے تیسرے راونڈ میں سوانسی سٹی نے مانچیسٹر یونائیٹڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد اپ سیٹ شکست دیتے ہوئے ایونٹ سے باہر کردیا۔ اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے ایف اے کپ کے تیسرے راونڈ کے میچ میں سوانسی سٹی کلب نے مانچیسٹر یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو ایک سے شکست دی۔سوانسی نے کھیل کے بارہویں منٹ میں اسپینش مڈفیلڈر الیجندرو پوزیلو کے گول کی بدولت برتری حاصل کرلی۔

(جاری ہے)

چار منٹ بعد ہی مانچیسٹر یونائٹیڈ کے میکسیکن فارورڈ جاویر ہرنینڈز نے گول کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر میچ ایک ایک گول سے برابر تھا۔دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر برتری لے جانے کے لئے خوب حملے کئے تاہم گیند کو جال میں نہ پہنچا سکے۔کھیل کے اختتامی لمحات میں اسٹرئیکر وائلفائرڈ بونی نے ساتھی کھلاڑی کے پاس پر ہیڈر کے زریعے گول داغ کر سوانسی سٹی کو فتح دلادی۔اولڈ ٹریفورڈ میں سوانسی کی یہ تاریخ میں پہلی کامیابی ہے۔ اس شکست کے بعد یونائیٹڈ کی ٹیم پریمئیر لیگ میں ساتویں نمبر پر چلی گئی ہے۔