سپریم کورٹ نے کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے وزارت دفاع سے حتمی تاریخ مانگ لی ، فروری میں انتخابات نہ کرانے کی کہانی بہت پرانی ہے کوئی نئی کہانی سنائی جائے۔چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کے ریما رکس

بدھ 8 جنوری 2014 04:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جنوری۔2014ء) سپریم کورٹ نے کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے 9 جنوری کو وزارت دفاع سے حتمی تاریخ مانگ لی ہے اور الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ وزارت دفاع سے تاریخ پوچھ کر کنٹونمنٹ بورڈ میں انتخابات کرائے جائیں‘ دوران سماعت چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے ریمارکس دئیے ہیں کہ قانون کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ میں انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے جبکہ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دئیے ہیں کہ فروری میں انتخابات نہ کرانے کی کہانی بہت پرانی ہے کوئی نئی کہانی سنائی جائے‘ وفاقی حکومت کو الیکشن کرانے میں کیا مسئلہ ہے‘ انتخابات کرانا وفاقی حکومت کا نہیں الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

انہوں نے یہ ریمارکس منگل کے روز دئیے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی اس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور نے عدالت کو بتایا کہ فروری 2014ء میں انتظامات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے کنٹونمنٹ بورڈ میں م انتخابات نہیں کرائے جاسکتے اس کیلئے کوئی اور تاریخ لینے کیلئے مزید مہلت درکار ہے‘ عدالت مزید مہلت دے اس پر جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ یہ پرانی کہانی ہوچکی ہے اسلئے نئی کہانی بتائیں تو سوچیں گے۔ بعدازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ وزارت دفاع سے کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کیلئے نئی تاریخ لے کر انتخابات کرائیں اور اس حوالے سے 9 جنوری کو کمرہ عدالت میں جواب دیں۔