امریکہ میں شدید سردی کی لہر،درجہ حرارت خطرناک حد تک گرنے کی توقع، 20 برسوں کے دوران ملک میں یہ سب سے شدید سرد موسم ،بوسٹن، نیویارک اور واشنگٹن میں درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان

بدھ 8 جنوری 2014 03:57

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جنوری۔2014ء)امریکہ میں شدید سردی کی لہر جاری ہے جس سے ملک کے وسط مغربی علاقے سب سے متاثر ہوئے جب کہ منگل کو سرد ترین موسم کا دائرہ ملک کے مشرقی اور جنوبی حصوں تک پھیل جانے کی توقع ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق درجہ حرارت خطرناک حد تک گرنے کی توقع ہے اور کہا جا رہا ہے کہ 20 برسوں کے دوران ملک میں یہ سب سے شدید سرد موسم ہے۔

بوسٹن، نیویارک اور واشنگٹن میں منگل کو درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے جب کہ یخ بستہ ہواوٴں سے ٹھنڈ نا قابل برداشت حد تک بڑھ چکی ہے۔حتیٰ کہ متعدل موسم کے حوالے سے پہچانی جانے والی ریاستوں فلوریڈا ور جنوبی ٹیکساس میں بھی معمول کی نسبت درجہ حرارت 20 فیصد تک کم رہنے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ نے منگل کو بہت سے شہروں میں اسکول بند کر دیئے ہیں جب کہ حکام نے لوگوں کو زیادہ محتاط رہنے کو کہا ہے۔

ڈاکٹروں نے براہ راست برف کی زد میں آنے سے بچنے سے متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹھنڈ اس قدر شدید ہے کہ بغیر احتیاط کے برف کا سامنا کرنے سے کوئی بھی شخص چند منٹوں ہی میں متاثر ہو سکتا ہے۔شدید سردی کے باعث پیر کو ملک کے وسط مغربی علاقوں میں معمولات زندگی معطل ہو کر رہے گئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے اواخر میں درجہ حرارت میں نسبتاً بہتری متوقع ہے۔شدید سردی سے کینیڈا کے بعض حصے بھی متاثر ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :