نیٹو سپلائی کی بندش پشتونوں کا معاشی قتل، پاکستان عالمی تنہائی کا شکار ہورہا ہے،اے این پی، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا 73فیصد حصہ بذریعہ ایران لے جایا جارہا ہے، ملک کو اربوں ڈالر کا نقصان ہورہا ہے وفاقی حکومت نوٹس لے،سینٹ میں مطالبہ

جمعرات 9 جنوری 2014 07:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جنوری۔2014ء) عوامی نیشنل پارٹی نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی جانب سے نیٹو سپلائی کی بندش کو پشتونوں کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پاکستان عالمی تنہائی کا شکار ہورہا ہے اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا 73فیصد حصہ بذریعہ ایران لے جایا جارہا ہے جس کی وجہ سے ملک کو اربوں ڈالر کا نقصان ہورہا ہے وفاقی حکومت اس کا نوٹس لے اور مناسب اقدامات کرے ۔

بدھ کے روز سینٹ کے اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر افراسیاب خٹک اور زاہد خان نے نقطہ اعتراض پر کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں حکمران پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے نیٹو سپلائی کی بندش سے پختونوں سے روزگار چھین لیا گیا ہے کیونکہ خیبر پختونخواہ میں کوئی صنعت نہیں ہے اور لوگ صرف ٹرانسپورٹ کے کاروبار سے ہی روزگار حاصل کررہے تھے لیکن اب نیٹو سپلائی کی بندش سے یہ کاروبار بھی ٹھپ ہوکررہ گیا ہے اس طرح صوبے کی حکمران کی جماعت نے عوام سے روزی کا حق بھی چھین لیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکمران جماعت کے اس اقدام سے 73فیصد افغان ٹریڈ ایران کے ذریعے ہورہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو شدید مالی نقصان پہنچ رہا ہے اور پاکستان عالمی تنہائی کا شکار ہورہا ہے ان کا کہناتھا کہ اب راستے روکنے نہیں بلکہ بین الاقوامی شاہراہیں قائم کرنے کا دور ہے اور دنیا بھر میں ممالک ایک دوسرے کو سہولت فراہم کرنے کیلئے شاہراہوں کی تعمیر کررہے ہیں اور اس طرح عالمی روابط میں پختگی آرہی ہے انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی تحریک انصاف کے کارکنوں کے اقدامات پر خاموشی معنی خیز ہے اور وفاقی حکومت کو عالمی معاہدوں پر پابندی کو یقینی بنانے کیلئے اس سلسلے میں اقدامات کرنے چاہئیں ۔