بھارتی خاتون سفارتکار دیویانی کھوبراج گرفتاری معاملہ،بھارت اور امریکہ کے درمیان سفارتی تنازعہ شدت اختیارکرگیا ،بھارتی حکومت کی امریکی سفارتخانے کو16جنوری تک تمام کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کی ہدایت،امریکہ سے واجب الادا ٹیکسوں کی ادائیگی کا مطالبہ،بھارتی میڈیا، امریکن سنٹرز میں بھارتی فلم کی نمائش سے قبل لائسنس کا حصول لازمی قرار، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر امریکی سفارتخانے کی گاڑیوں پر جرمانہ عائد کرنے کا حکم

جمعرات 9 جنوری 2014 07:40

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جنوری۔2014ء) بھارت کی خاتون سفارتکار دیویانی کھوبراج کی امریکہ میں گرفتاری پربھارت اور امریکہ کے درمیان سفارتی تنازعہ شدت اختیارکرگیا ہے،بھارتی حکومت نے نئی دہلی میں امریکی سفارتخانے کو16جنوری تک تمام کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی سفارتخانے سے کہاگیا ہے کہ وہ 16جنوری تک امریکن کمیونٹی سپورٹ ایسوسی ایشن (اے سی ایس اے)کے تحت جاری کاروباری سرگرمیاں بند کر دے جن میں امریکی سفارتخانے میں قائم ریسٹورینٹ ،قحبہ خانہ،بیوٹی پارلر ،بولنگ کلب ،جم اور دیگر کھیلو ں کی سرگرمیاں شامل ہیں ۔

اسکے علاوہ امریکن سنٹرز میں بھارتی فلم کی نمائش سے قبل لائسنس کا حصول لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر امریکی سفارتخانے کی گاڑیوں پر جرمانہ عائد کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے امریکا کو اے سی ایس اے کے غیر سفارتی عملے اور امریکی شہریوں کو کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے حاصل سہولیات کو وینا کنوینشن کے مطابق غیر آئینی قرار دیتے ہوئے امریکی حکومت سے واجب الادا ٹیکسوں کی ادائیگی کا مطالبہ بھی کیا ہے، اس کے علاوہ اب امریکی سفارتی عملے کو بھارت میں غیرقانونی پارکنگ، بغیر نمبر پلیٹ کے گاڑی چلانے اورخطرناک ڈرائیونگ پر بھی جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں امریکا نے نیویارک میں تعینات بھارت کی خاتون ڈپٹی کونسلر جنرل دیویانی کھوبراج کو ویزا فراڈ کیس میں گرفتار کیا تھا جس پر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر تنازع پیدا ہو گیا تھا،جبکہ بھارت نے دیویانی کھوبراج کیخلاف تمام مقدمات واپس لے کر امریکہ سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ کر رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :