پینٹاگون کا جنوبی کوریا میں مزید 8سوفو جی تعینات کرنے کا اعلان ،ٹینک اور دیگر فوجی سامان بھی بھیجا جائے گا

جمعرات 9 جنوری 2014 07:42

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جنوری۔2014ء)امریکی محکمہ دفاع ’پینٹاگون‘ نے جنوبی کوریا میں مزید 800 فوجی تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے، جن کے ساتھ ٹینک اور دیگر فوجی ساز و سامان بھی وہاں بھیجا جائے گا۔یہ فیصلہ بظاہر خطے میں سلامتی کے خدشات خاص طور پر شمالی کوریا کی جانب سے دھمکیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔اضافی فوجیوں کی تعیناتی سے متعلق یہ اعلان ایسے وقت کیا گیا جب امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے واشنگٹن میں جنوبی کوریا کے اپنے ہم منصب یون بینگ سے ملاقات کی۔

اْنھوں نے مہمان وزیر خارجہ کو یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے امریکہ جنوبی کوریا کے ساتھ کھڑا رہنے کے عزم پر قائم ہے۔جان کیری نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے دونوں ملک پوری طرح تیار ہیں اور کہا کہ خاص طور پر پیانگ یانگ میں حالیہ ہفتوں کے دوران ہونے والے واقعات کے بعد کی صورت حال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی وزیر خارجہ کے اس بیان کا اشارہ بظاہر شمالی کوریا کے رہنماء کم جونگ ان کے پھوپھا کی سزائے موت پر عمل درآمد کی جانب تھا۔شمالی کوریا کے دوسرے با اثر رہنما جیانگ سانگ تھیک کی سزا پر دسمبر میں عمل درآمد کیا گیا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس سزا کا مقصد کم جونگ اْن کا اقتدار پر اپنی گرفت مضبوط کرنا تھا۔

متعلقہ عنوان :