ایچ ای سی کو خوش رکھنا پڑتا ہے ورنہ فنڈز روک لئے جاتے ہیں، کامسیٹس یونیورسٹی کے حکام کا سینٹ کمیٹی میں انکشاف

جمعرات 9 جنوری 2014 07:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جنوری۔2014ء)کامسیٹس یونیورسٹی نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی ) کا پول کھول دیا ہے، یونیورسٹی کو سالانہ 80کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کئے جاتے ہیں اور اس کیلئے ایچ ای سی کو بھی خوش رکھنا پڑتا ہے ،اگر خوش نہ رکھیں تو فنڈز کا اجراء روک دیا جاتا ہے ، یونیورسٹی دہشت گردی اور زلزلہ سے متاثرہ ایک سوبچوں کی کفالت بھی کررہا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا اجلاس بدھ کو یہاں سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا ۔کمیٹی کو کامسیٹس یونیورسٹی کے حکام نے یونیورسٹی کے امور سے متعلق بریفنگ دی ۔بریفنگ کے دوران کمیٹی کو بتایا گیا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کامسیٹس یونیورسٹی کو سالانہ اسی کروڑ روپے کا فنڈز فراہم کرتی ہے، ایچ ای سی کو بھی خوش رکھنا پڑتا ہے ،اگر خوش نہیں رکھیں تو فنڈز کا اجراء روک جانے کا خدشہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

کامسیٹس کی بنیاد نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر عبدالسلام نے رکھی تھی ،یونیو رسٹی دہشت گردی اور زلزلہ سے متاثرہ ایک سوبچوں کی کفالت کررہا ہے اور زیادہ تر بچوں کا تعلق صوبہ خیبر پختونخواہ سے ہے ۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی کراچی میں ڈاو یونیورسٹی میں ترکی کے اشتراک سے آئندہ ماہ سے جگر کی ٹرانسپلانٹ کا آغاز کریگی ۔