آئی جی پولیس خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت سے ہنگو میں خودکش حملہ ناکام بنانیوالے طالب علم کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینے کی سفار ش

جمعہ 10 جنوری 2014 03:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10جنوری۔2013ء)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختون خوا ناصر خان درانی نے صوبائی حکومت کو ہنگو میں خود کش بمبار کا سکول کے بچوں کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنانے والے طالب علم کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینے کی سفارش کی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک خود کش بمبار نے ضلع ہنگو میں گورنمنٹ ہائی سکول ابراہیم زئی میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

جہاں پر ممکنہ حملے کے وقت سینکڑوں طالب علم پڑھائی میں مصروف تھے۔ تاہم اعتزاز حسن نامی طالب علم نے جان پر کھیلتے ہوئے جرات و بہادری کا پیکر بن کر خود کش بمبار کا راستہ روکا ۔ جس پر خودکش بمبار نے خوف میں آکر اپنے آپ کو اُڑا یا ۔ اسی طرح اعتزاز حسن نے بے پناہ دلیری اور شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کش حملہ آورکی مذموم عزائم کو ناکام بناکر سینکڑوں معصوم طالب علموں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا ۔

(جاری ہے)

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان درانی نے آج وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کو ایک خط لکھا جس میں اعتزاز حسن کی بہادری اور دلیری کو سراہتے ہوئے ان کے لئے بعد ازمرگ اعلیٰ سول اعزاز دینے کی سفارش کی ہے۔ آئی جی پی نے خط میں شہید طالب علم کے خاندان کے لئے مراعاتی پیکج دینے کی بھی سفارش کی ہے۔ دریں اثناانسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان درانی نے ڈی ایس پی ھیڈ کوارٹرز مانسہرہ کو کرپشن اورنااہلی کے الزام میں فوری طور پر معطل کرکے ان کے خلاف مزید انکوائری کا حکم جاری کر دیاہے۔

واضح رہے کہ ڈی ایس پی ھیڈ کوارٹرز مانسہرہ کے خلاف کرپشن اور پیشہ ورانہ فرائض میں دلچسپی نہ لینے کے حوالے سے مانسہرہ کے اعلیٰ پولیس حکام نے آئی جی پی کو رپورٹ پیش کی تھی۔ آئی جی پی نے مانسہرہ پولیس آفسروں کی رپورٹ کی روشنی میں ڈی ایس پی ھیڈ کوارٹرز مانسہرہ کو فوری طور پر معطل کرکے اُن کے خلاف مزید انکوائری کرنے کا حکم جاری کردیاہے۔ اور واضح کر دیاہے کہ پولیس فورس میں کرپٹ اور نااہل اہلکاروں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :