دبئی ٹیسٹ،سری لنکا کی میچ پر گرفت مضبوط ،تجربہ کاربیٹسمین مہیلا جے وردھنے کی شاندار سنچری،سری لنکا کے چار وکٹوں کے نقصان پر 318 رنز اسکور، 153 رنز کی واضح برتری حاصل ہوگئی

جمعہ 10 جنوری 2014 02:49

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10جنوری۔2013ء)سری لنکا نے پاکستان کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز تجربہ کاربیٹسمین مہیلا جے وردھنے کی شاندار سنچری کی بدولت چار وکٹوں کے نقصان پر 318 رنز اسکور کرلیے ہیں اس طرح دن کے اختتام پر سری لنکا کو 153 رنز کی واضح برتری حاصل ہوگئی ہے اور میچ پر اس کی گرفت مضبوط ہوگئی تھی۔جمعرات کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے دوسرے روز سری لنکا کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا جہاں دن کے شروع میں ہی کمار سنگاکارا 26 کے انفرادی اسکور پر راحت علی کا شکار بن گئے۔

گزشتہ میچ میں شاندار اننگ کھیل کر سری لنکا کے میچ بچانے میں اہم کردار ادا کرنے والے دنیش چندیمل کی اننگز اس بار صرف 12 رنز تک محدود رہی، انہیں جنید خان نے راحت کی مدد سے قابو کیا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد تجربہ کار مہیلا جے وردنے نے اوپنر کشال سلوا کو کریز پر جوائن کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے چائے کے وقفے تک مزید کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی۔دونوں کے درمیان 139 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

تاہم وقفے کے بعد محمد حفیظ 95 کے انفرادی اسکور پر کوشل سلوا کو ایل بی ڈبلیو کرنے میں کامیاب رہے۔اس کے بعد آنے والے بلے باز کپتان انیجلیو میتھوز کا چھ رنز پر وکٹ کیپر سرفراز احمد نے راحت علی کی گیند پر نسبتاً آسان کیچ چھوڑ دیا۔ بعدازاں انہوں نے اپنی شاندار فارم کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور دن کے اختتام تک ناٹ آوٴٹ رہنے میں کامیاب رہے۔اسطرح دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر جے وردھنے 106 اور میتھیوز 42 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔پاکستان کی جانب سے جنید خان دو جبکہ راحت علی اور محمد حفیظ ایک ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کرچکے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ابو ظہبی ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر اختتام پذیر ہوا تھا۔

متعلقہ عنوان :