کھیلوں کو بحران سے نکالنے کیلئے وزیراعظم سے ہدایات لینے کا فیصلہ، اسلام آ باد میں ہونے والے اہم اجلاس میں قومی اسپورٹس پالیسی کے حوالے سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے تنازع پر تفصیلی غور کیاگیا ، رپورٹ وزیر اعظم کو بین الصوبائی رابطے کے وزیر میاں ریاض حسین پیر زادہ پیش کریں گے، ملک میں وفاق کی سطح پر کھیلوں کی یونیورسٹی قائم کی جائے گی،پنجاب سپورٹس فیسٹیول کی طرح دیگر صوبوں میں بھی اسپورٹس فیسٹیول منعقد کئے جائیں گے‘سیکرٹری کھیل

جمعہ 10 جنوری 2014 02:49

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10جنوری۔2013ء) بین الصوبائی رابطے کی وزارت نے ملک میں کھیلوں کے بحران کو حل کرنے اورقومی اسپورٹس پالیسی کے تحت کھیلوں کی ترقی کے لئے وزیر اعظم سے ہدایات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز اسلام آ باد میں ہونے والے اہم اجلاس میں قومی اسپورٹس پالیسی کے حوالے سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے تنازع پر تفصیلی غور کیاگیا۔

اجلاس کی صدارت بین الصوبائی رابطے کے سیکریٹری چوہدری اعجاز احمد نے کی جس میں ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ امیر حمزہ گیلانی،ڈی جی ڈاکٹر اختر نواز گنجیرہ، امیر طارق زمان، سکریٹری کھیل سندھ، کے پی کے، ڈی جی کھیل سندھ، پنجاب، بلوچستان، آ زاد کشمیر نے بھی شر کت کی۔اس موقع پر شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے سیکریٹری کھیل نے کہا کہ ملک میں وفاق کی سطح پر کھیلوں کی یونیورسٹی قائم کی جائے گی،پنجاب اسپورٹس فیسٹیول کی طرح دیگر صوبوں میں بھی اسپورٹس فیسٹیول منعقد کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام صوبوں میں کھیلوں کی یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

جعلی کلبوں کی وجہ سے ملک میں کھیلوں کو ترقی دینے میں رکاوٹ ہورہی ہے، فیڈریشن کے انتخابات میں بھی کسی قسم کی تبدیلی سامنے نہیں آئی ہے۔ انہوں نے ہر صوبے میں کھیلوں کی اکیڈمیز بنانے کے منصوبے سے بھی آ گاہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی اسپورٹس بورڈ نے کہا کہ عارف حسن اور بعض کھیلوں کی فیڈریشن قومی ٹیموں کی بیرون ملک عالمی اور ایشیائی ایونٹس میں شر کت کے حوالے سے ملکی قوانین کی خلاف ورزی کررہی ہیں۔

ایڈیشنل سیکرٹری اسپورٹس امیر طارق زمان نے کہا کہ پاکستان میں کھیل میدانوں میں ہونے کے بجائے عدالتوں میں کھیلے جارہے ہیں جس کی وجہ سے کھیل اور کھلاڑیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے معاملات عدالتوں کے باہر حل ہونے چاہیے۔ سیکریٹری کھیل سندھ نے تجویز دی کہ اچھے نتائج کے حصول کے لئے کھیلوں کو نچلی سطح پر فروغ دینا ہوگا، ڈی جی اسپورٹس بورڈ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں 90 فیصد کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کا ڈیٹا پی او اے کی لڑائی کی وجہ سے ناکارہ ہوگیا ہے، اس موقع پر ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ نے کہا کہ بین الصوبائی رابطے کی وزارت اس مسئلے کو حل کرے، ڈی جی سندھ اسپورٹس بورڈ نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پی ایس بی کے درمیان مضبوط بنیادوں پر تعلقات استوار ہونے چاہیے، اجلاس میں سامنے آ نے والی تجاویز پر مشتمل رپورٹ وزیر اعظم کو بین الصوبائی رابطے کے وزیر میاں ریاض حسین پیر زادہ پیش کریں گے۔