کراچی ، بم دھماکے میں جاں بحق ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم اور ان کے ڈرائیور اور محافظ کراچی میں سپرد خاک،نماز جنازہ میں وزیرعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی اور دیگر پولیس افسران سمیت سیاسی ومذہبی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت،جاں بحق ایس ایس پی سی آئی ڈی اور 2 اہلکاروں کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، جنازہ کے بعد بریگیڈئر فرخ نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی

ہفتہ 11 جنوری 2014 07:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جنوری۔2014ء) کراچی میں بم دھماکے میں جاں بحق ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم اور ان کے ڈرائیور اور محافظ کوکراچی میں سپرد خاک کر دیا گیا ، نماز جنازہ میں وزیرعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی اور دیگر پولیس افسران سمیت سیاسی ومذہبی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، نماز جنازہ کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور جنازہ گاہ کے اطراف میں جیمرز لگا کر موبائل فون سروس کو معطل کردیا گیا تھا، بلند عمارتوں پر اسنائپرز اور اطراف کی سڑکوں کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا تھا، نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد بم دھماکے میں جاں بحق ایس ایس پی سی آئی ڈی اور 2 اہلکاروں کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کراچی میں جمعرات کی شام پی آئی بی تھانے کی حدود گلشن اقبال لیاری ایکسپریس وے کے پل پر بم حملے میں ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم ان کے ڈرائیور فرحان اور محافظ کامران جاں بحق ہوگئے تھے۔پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ جمعہ کو بعد نماز عصر کراچی پولیس ہیڈ کوارٹر ایسٹ حسن اسکوائر پر ادا کی گئی، قبل ازیں ان کی رہائش گاہ ڈیفنس سے میت کو پولیس ہیڈ کوارٹر ایسٹ منتقل کیا گیا جہاں راستے میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات رہی تھی۔

نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، ڈی جی رینجرز رضوان اختر، آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ، ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات، آئی ایس پی آر کی جانب سے بریگیڈئر فرخ سمیت پولیس اور رینجرز کے اعلیٰ افسران، پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، جماعت اسلامی، مسلم لیگ ن سمیت دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں کے نمائندوں جاں بحق پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد پولیس اہلکاروں کو پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔ واضح رہے کہ ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم اور دیگر دو اہلکاروں کی نماز جنازہ کا مقام پہلے گارڈن ہیڈ کوارٹر تھا جو آخری لمحات میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر تبدیل کیا گیا جبکہ نماز جنازہ کے دوران حسن اسکوائر پولیس ہیڈ کوارٹر میں بھی سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور نماز جنازہ کی ادائیگی کے دوران موبائل فون جیمرز لگا کر موبائل فون سروس معطل رکھی گئی جبکہ حسن اسکوائر پولیس ہیڈ کوارٹر کی اطراف کی تمام سڑکوں کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا اور حسن اسکوائر پولیس ہیڈ کوارٹر کے اطراف بلند عمارتوں پر بھی اسنائپرز تعینات کردیئے گئے تھے۔

نماز جنازہ کے بعد بریگیڈئر فرخ نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی۔واضح رہے کہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کو ان کی تدفین کیلئے تین علیحدہ قبرستانوں میں تدفین کے انتظامات کئے گئے تھے تاہم ان کی تدفین گذری کے قبرستان میں کئی گئی اس موقع پر بھی سیکورٹی اہلکاروں نے قبرستان کو چاروں طرف سے گھیر رکھا تھا جب کہ چوہدری اسلم کے ساتھ جاں بحق ہونے والے ان کے ڈرائیور فرحان جونیجو کو نارتھ کراچی سیکٹر 11-Dمحمدشاہ قبرستا ن میں اور محافظ کامران کی تدفین قیوم آباد میں کی گئی ۔