الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں الیکشن سندھ اور پنجاب سے پہلے کرانے پر غور شروع کر دیا

ہفتہ 11 جنوری 2014 07:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جنوری۔2014ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سندھ اور پنجاب سے پہلے کرانے پر غور شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات جنوری میں ممکن نہیں جبکہ خیبرپختونخوا کے انتخابات اٹھائیس فروری کو کرانے کے لیے سپریم کورٹ کو یقین دہانی کرائی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر سندھ اور پنجاب کی حلقہ بندیاں کالعدم ہی رہیں تو دونوں صوبوں میں انتخابات مارچ سے بھی آگے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں انتخابات کے انعقاد کیلیے الیکشن کمیشن کا اجلاس پندرہ جنوری کو طلب کر لیا گیا ہے جس میں صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام شرکت کرینگے۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں بائیومیٹرکس سسٹم کے ذریعے انتخابات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔