حکومت پی آئی اے کی بہتری اور مالی خسارے سے نکالنے کیلئے چھوٹے جہاز لیز پر لینے پر غور کررہی ہے‘شیخ آفتاب،خسارہ زیادہ ہونے کی وجہ سے وقفی طور پر چھوٹے روٹس بند کیے گئے ہیں گوگل کے ساتھ یوٹیوب کا لوکل ورژن کے حوالے سے مذاکرات کررہے ہیں ‘پارلیمانی امور کے وزیر مملکت کا سینیٹ میں وقفہ سوالات میں جواب

ہفتہ 11 جنوری 2014 07:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جنوری۔2014ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہا ہے کہ حکومت پی آئی اے کی بہتری اور مالی خسارے سے نکالنے کیلئے لوکل روٹس کے لئے چھوٹے جہاز لیز پر لینے پر غور کررہی ہے۔ خسارہ زیادہ ہونے کی وجہ سے وقفی طور پر چھوٹے روٹس بند کیے گئے ہیں گوگل کے ساتھ یوٹیوب کے لوکل ورژن کے حوالے سے مذاکرات کررہے ہیں جمعہ کو سینیٹ کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران مختلف اراکین کے سوالوں کے جواب میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ فتاب نے کہا کہ حکومت یوٹیوب کی بحالی کیلئے تکنیکی اور قانونی امور کا جائزہ لے رہی ہے لیکن پی ٹی اے کو پالیسی ڈائریکٹو پر عملدرآمد کرنے اور انٹرنیٹ پر قابل اعتراض مواد کے خاتمے کے حوالے سے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں یوٹیوب پرقابل اعتراض مکمل طور پر بلاک کرنا ممکن نہیں اس کیلئے گوگل انتظامیہ کے ساتھ بات چیت جاری ہے جس میں یوٹیوب کے لوکل ورژن کے حوالے سے معاملات چل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال کے دوران بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا سروے کے لئے چار کمپنیوں کی خدمات حاصل کی گئیں جنہیں دو ارب 29 کروڑ 38 لاکھ روپے سے زائد رقم کی ادائیگیاں کردی گئی ہیں۔ انہوں نے نے بتایا کہ گزشتہ حکومت نے چار سال میں بی آئی ایس پی کی کوئی سالانہ کارکردگی رپورٹ مرتب نہیں کی گئی اور نہ ہی آڈٹ کرایا گیا موجودہ حکومت نے بی آئی ایس پی کی سالانہ رپورٹ مرتب کرنے کے لئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کردیئے ہیں وزیر مملکت برائے تجارت انجینئر خرم دستگیر نے ایوان کو بتایا کہ 2011 ء میں پاکستان کو بھارت کے ساتھ برآمدات 33 کروڑ 80 لاکھ ڈالر جبکہ درآمدات ایک ارب 50 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہی‘ جبکہ 2012-13 ء میں برآمدات میں کمی ہوئی اور یہ 32 کروڑ 70 لاکھ جبکہ درآمدات اضافے کے ساتھ ایک ارب 80 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ہوئی۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور نے ایوان کو بتایا کہ سیلولر موبائل آپریٹرز کی جانب سے 13 کروڑ 21 لاکھ 20 ہزار سے زائد سمیں جاری کی گئیں موبی لنک نے تین کروڑ 75 لاکھ 28 ہزار‘ یو فون 2 کروڑ پچاس لاکھ ‘ زونگ دو کروڑ 33 لاکھ چالیس ہزار‘ ٹیلی نار تین کروڑ 78 لاکھ ‘ وارد ایک کروڑ 27 لاکھ سے زائد سمیں جاری کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے مالی خسارے کا سبب بننے والے چھوٹے روٹس کو بند کردیا ہے چھوٹے روٹس کی بحالی کیلئے نئے جہاز لیز پر لینے پر غور کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے ٹیسٹ کیلئے ترکی اور چیک ریپبلک سے دو دو جہاز دو ماہ کی لیز پر لئے گئے۔