چوہدری اسلم شہید پر حملہ کرنیوالے مبینہ خود کش حملہ آورکی نعیم اللہ کے نام سے شناخت

ہفتہ 11 جنوری 2014 07:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جنوری۔2014ء) ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پرحملہ کرنے والے مبینہ خود کش حملہ آورکی شناخت ہوگئی۔میڈیارپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ مبینہ خودکش حملہ آور نعیم اللہ قبائلی علاقے کا رہنے والا تھا اور اس کی عمر 26سال تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ خودکش حملہ آورکراچی میں بنارس کالونی کارہائشی تھا، حملہ آور کے ایک بھائی کو سی آئی ڈی نے شک کی بنا پر گرفتار کیا تھا تاہم بعد میں رہا کر دیا تھا۔

حملہ آور کے گھر پر چھاپے کے دوران 2افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر حملے کے بعد جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا ہاتھ برآمد ہوا تھا اور بعد ازاں اس کے فنگر پرنٹس کی شناخت نادرا سے کرائی گئی تھی جبکہ مبینہ خود کش حملہ نے عسکریت پسندی کی تربیت افغانستان سے حاصل کی تھی ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ڈی جی سی آئی ڈی ظفربخاری کا کہناہے کہ چوہدری اسلم پر حملہ کرنیوالے کی شناخت نعیم اللہ کے طور پر ہوئی ہے تاہم ابھی اسے حملہ آور قرار نہیں دیا جا سکتا،انہوں نے کہا کہ نعیم اللہ کے والد کا نام رفیع اللہ صدیقی ہے اور ان کے گھر پر چھاپہ کے دوران دو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے حراست میں لئے گئے افراد میں نعیم اللہ کا بھائی بھی شامل ہے ۔

متعلقہ عنوان :