کراچی ،مشرف کالونی میں پولیس اور مسلح افراد کے درمیان مقابلے میں 3 افراد ہلاک ، 2 پولیس اہلکار زخمی ، الفلاح ملت ٹاؤن کی مسجد میں بم دھماکہ 3 افراد زخمی

ہفتہ 11 جنوری 2014 06:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جنوری۔2014ء) کراچی کے علاقے مشرف کالونی میں پولیس اور مسلح افراد کے درمیان مقابلے میں 3 افراد ہلاک جبکہ 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی دوپہر پولیس کی بھاری نفری نے ماڑی پور مشرف کالونی کے علاقے میں دہشت گردوں کی اطلاع پر چھاپہ مارا جس کے نتیجے میں مسلح افراد نے پولیس موبائلوں پر فائرنگ کردی جبکہ ایک موبائل پر دستی بم بھی پھینکا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے 3 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ پولیس کے مطابق وہاں سے کئی دہشت گرد اپنے زخمی ساتھیوں کو ایک گاڑی میں ڈال کر فرار ہوگئے ہیں۔

پولیس ان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے، پولیس نے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری اسلحہ جس میں دستی بم، ایل ایم جی، کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ شامل ہے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشیں سول اسپتال منتقل کی گئی ہیں جبکہ زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت ہوگئی ہے جن میں تحریک طالبان کے امان اللہ مسعود قائد آباد کے علاقے کا کمانڈر ہے جبکہ دوسرے ساتھیوں کی شناخت علی مرزا اور شیر محمد کے نام سے ہوئی ہے ادھر کراچی کے علاقے الفلاح ملت ٹاؤن میں واقع ایک مسجد میں بم دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے ہیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملت ٹاؤن میں واقعہ مسجد جنت میں جمعہ کی نماز سے قبل ایک دھماکہ ہوا ہے اس دھماکے میں 3 افراد زخمی ہوگئے ہیں جن کو جناح اسپتال پہنچایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکہ مسجد میں بم بنانے کے دوران ہوا ہے اور وہاں سے ایک اور بھی بم برآمد کرلیا گیا ہے، بم کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا ہے اور بم بنانے کا کچھ سامان بھی برآمد ہوا ہے، پولیس نے ابتدائی رپورٹ کے بعد زخمی ہونے والے تینوں افراد کو جناح اسپتال سے حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار زخمی علاؤ الدین اس واقعہ کا مرکزی ملزم ہے، پولیس مزید تفتیش کررہی ہے اور فوری طور پر یہ نامعلوم نہیں ہوسکا کہ یہ کہ بم اس مسجد میں تخریب کاری کیلئے بنایا جارہا تھا یا اس کے مقاصد کچھ اور تھے۔