سندھ پولیس چوہدری اسلم جیسے نڈر اور بہادر افسران سے بھر پڑی ہے، قائم علی شاہ ،چوہدری اسلم کی شہادت سے کراچی میں جاری ٹارگٹ آپریشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا بلکہ اس سانحے نے پولیس افسران اور اہلکاروں میں دہشت گردوں کے خلاف لڑنے کا نیا حوصلہ پیدا کردیا ہے، انشا اللہ تعالیٰ کراچی کو جلد پر امن اورروشنیوں کے شہرمیں تبدیل کرکے ہی سکھ کا سانس لیں گے، آرٹ کونسل کراچی کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب کے بعدصحافیوں سے بات چیت

ہفتہ 11 جنوری 2014 06:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جنوری۔2014ء)وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ پولیس چوہدری اسلم جیسے نڈر اور بہادر افسران سے بھر پڑی ہے اور چوہدری اسلم کی شہادت سے کراچی میں جاری ٹارگٹ آپریشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا بلکہ اس سانحے نے پولیس افسران اور اہلکاروں میں دہشت گردوں کے خلاف لڑنے کا نیا حوصلہ پیدا کردیا ہے انہوں نے کہا کہ انشا اللہ تعالیٰ کراچی کو جلدہی پر امن اورروشنیوں کے شہرمیں تبدیل کرکے ہی سکھ کا سانس لیں گے ۔

جمعہ کی شب آرٹ کونسل کراچی کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب کے بعدصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ویراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سی آئی ڈی ایس پی چوہدری اسلم ایک بہادرنڈر اور ایماندارافسر تھا جس نے دہشت گردوں کی دھمکیوں ‘ان پر حملے کی پرواہ نہ کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کے لئے نہ صرف اپنی جان کا نذرانہ دیا بلکہ سندھ پولیس فورس کے لئے ایک حوصلہ افزاراہ ہموارکی جس کو سیاسی قیادت‘سول سوسائٹی اور میڈیا نے مزید حوصلہ بخشا ہے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ جب ہم ایکشن لیں گے تواس کا ری ایکشن آئے گا انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اورامن وامان کا مسئلہ کئی سالوں کا پرانا مسئلہ ہے جس کو حل کرنے میں بھی وقت لگے گاانہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دہشتگردوں کے خلاف جاری ٹارگیٹ آپریشن پر بھاری رقوم خرچ کرنے کے علاوہ اپنی فورس کی قیمتی جانوں کی بھی قربانیاں دے رہی ہے جس کا حاصل مقصد یہاں کے شہریوں کو ایک پر امن ماحول فراہم کرنا ہے ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے سندھ اور پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں اپنا موقف پیش کردیا ہے اوراندازہ یہ لگ رہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان سندھ میں بلدیاتی انتخابات 23فروری کو کرائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ابھی تک سرکاری طور پر بلدیاتی انتخابات کے لئے کسی بھی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا ہے لیکن یہ ہمارا اندازہ ہے ۔قبل ازیں حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام ادیبوں اور شعراء پرزوردیا کہ وہ اپنے قلم کی طاقت سے معاشرے میں امن اوربھائی چارے کی فضاء کو فروغ دیں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں آرٹ کونسل کراچی کی بڑی افادیت ہے کیونکہ یہ آرٹ کونسل پچھلے دس سالوں سے ثقافتی سرگرمیوں کا محور رہی ہے انہوں نے کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہر ہے جہان امن وامان کا مسئلہ پیدا کرکے بگاڑنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ہم یہاں امن وامان پر قابو پانے ‘ترقیاتی کاموں کا جال بچھانے اور آپ جیسے ادیبوں دانشوروں کی معاونت سے پیار محبت امن بھائی چارے کی فضاء کو فروغ دینے سے ہی اس شہر کی رونقوں کو نہ صرف دوبارہ عروج پر لائیں گے بلکہ اس شہر کو دنیا کا ایک بہترین پر امن خوبصورت اورپسندیدہ شہر بنائیں گے انہوں نے خطبہ ء استقبالیہ میں پیش کئے گئے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے ارٹ کونسل کراچی کے سالانہ بجٹ کو بڑھانے بے گھر ادیبوں اور شعراء کے لئے پلاٹ مہیا کرنے کا بھی اعلان کیا اس موقع پر آرٹس کونسل کراچی کے نومنتخب سیکریٹری جنرل احمدشاہ ‘صدر پروفیسر اعجاز فاروقی کے علاوہ کمشنر کراچی شعیب صدیقی نے بھی خطاب کیا ۔

تقریب میں دیگر عمائدین کے علاوہ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی اور راشد ربانی نے بھی شرکت کی۔