پاک سری لنکا دوسرا ٹیسٹ : گرین شرٹس نے 388رنز کے جواب میں 3وکٹوں کے نقصان پر 132رنز بنا لئے ، پہلی اننگز کا خسارہ کم کرنے کیلئے مزید 91رنز درکار ،پاکستان کے اوپننگ بیٹسمین ایک بار پھر ناکام ، پروفیسر بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے ، کپتان مصباح الحق اور یونس خان 62اور 53رنز کے ساتھ کریز پر موجود

ہفتہ 11 جنوری 2014 06:55

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جنوری۔2014ء) سری لنکا کے دوسرے ٹیسٹ میں 388 رنز کے جواب میں پاکستان نے 3 وکٹوں پر 132 رنز بنا لئے ، پہلی اننگز کا خسارہ کم کرنے کیلئے مزید 91رنز درکار ہیں ۔ دبئی ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو سری لنکا نے 4وکٹوں پر 318 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو مہیلا جے وردھنے 106 اور میتھیوز 42رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے ۔

سکور میں صرف 2رنز کے اضافے کے بعد میتھیوز 42رنز بنا کر راحت علی کا شکار بن گئے جس کے بعد سری لنکا کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور 388 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی سری لنکا نے پاکستان پر 223رنز کی برتری حا صل کرلی ۔ جے وردھنے 129، کیلاش سلوا 95، میتھیوز 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 3 راحت علی اور سعید اجمل نے 2,2 جبکہ بلاول اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ رہا اور پاکستان کا اوپنگ پیئر ایک بار پھر ناکام ہوگیا اور صرف 11رنز کے مجموعی سکور پر احمد شہزاد صرف 9رنز بنانے کے بعد ہیراتھ کا شکار بن گئے 12رنز کے مجموعی سکور پر دوسری وکٹ گر گئی جب محمد حفیظ صرف ایک 1رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے ،19کے سکور پر پاکستان کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا جب خرم منظور 6رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد یونس خان اور کپتان مصباح الحق سری لنکا کے سامنے دیوار بن گئے اور دونوں نے اپنے کیریئر میں ایک ایک نصف سنچری کا اضافہ کرتے ہوئے پاکستان کے سکورمیں قیمتی 100سے زئد رنز کا اضافہ کیا ۔

تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 3وکٹوں پر 132رنز بنا لئے تھے ۔ یونس خان 62 اور مصباح الحق 53رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ۔ سری لنکا کے پرادیپ نے 2 اور ہیراتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی