راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی منانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، بازاروں ،گلیوں، اہم عمارتوں کے ساتھ سات گھروں کوپھولوں پتیوں، چراغاں اور رنگ برنگے قمقموں سے سجانے کا عمل تیزی سے جاری،حکومت کی طرف سے امن وامان برقرار رکھنے کیلئے منصوبوں کی تشکیل بھی حتمی مرحلے میں صوبائی حکومتوں کو عاشورہ محرم کی طرح سخت حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت، کئی بڑے شہروں میں موبائل فون سروس معطل ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا بھی اعلان

پیر 13 جنوری 2014 07:47

اسلام آباد/راولپنڈی/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13 جنوری ۔2014ء)راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک بھر میں منگل کو نبی آخرالزمان حضرت محمد کے یوم پیدائش کے موقع پر جشن عید میلاد النبی منانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور بازاروں ،گلیوں، اہم عمارتوں کے ساتھ سات گھروں کوپھولوں پتیوں، چراغاں اور رنگ برنگے قمقموں سے سجانے کا عمل تیزی سے جاری ہے جس میں بڑے ہی نہیں بلکہ بچے بھی بھرپور جوش وخروش سے حصہ لے رہے ہیں۔

حکومت کی طرف سے اس رو زبھی امن وامان برقرار رکھنے کیلئے منصوبوں کی تشکیل بھی حتمی مرحلے میں ہے اور وفاقی صوبائی اور ضلعی سطح پر سخت حفاظتی انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔صوبائی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ عاشورہ محرم کی طرح سخت حفاظتی انتظامات کریں اس روز کئی بڑے شہروں میں موبائل فون سروس معطل رکھنے اور کراچی، پشاور سمیت کئی شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ہلال ربیع الاول نوید مسرت بن کرآتاہے اورمحبان حضرت محمد کے قلوب و اذہان محبت و مسرت سے لبریز ہو جاتے ہیں۔کہتے ہیں کہ اس ماہ ذی شان میں مصطفیٰ جان رحمت پر درود وسلام کاجتنا وِرد کیا جائے باعث برکت ہے۔ رحمت اللعالمین کی ولادتِ باسعادت کی خوشی سے بڑھ کراورکیا خوشی ہوسکتی ہے ؟یہی وجہ ہے کہ ہر عمر کے افراد چاہت کا والہانہ اظہار کر رہے ہیں،شمع رسالت کے پروانے ننھے منے بچے بھی گھروں، اور محلوں کو سجانے میں مگن ہیں۔

بچوں کے دلوں میں اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا جذبہ ان کے چہروں سے عیاں ہے۔ماہ ربیع الاول کی تیاریوں میں بڑے تو بڑے بچے بھی پیش پیش ہیں ،معصوم پھولوں کا کہنا ہے کہ یہ دن ان کے لئے سب عیدوں سے بڑھ کے ہے اور یہی وجہ ہے کہ نبی کریم کی شان میں عقیدت کے پھول نچھاور کرکے ماہ مبارک کی برکتیں سمیٹ رہے ہیں۔ میلاد منانے والی تنظیموں کی طرف سے جلسوں ، جلوسوں، محافل نعت اور دیگر پروگراموں کو حتمی شکل دینے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ حکومت کی طرف سے اس رو زبھی امن وامان برقرار رکھنے کیلئے منصوبوں کی تشکیل بھی حتمی مرحلے میں ہے اور تازہ ترین اطلاعات کے مطابق وفاقی صوبائی اور ضلعی سطح پر سخت حفاظتی انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وزارت داخلہ کی طرف سے تمام صوبائی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ عاشورہ محرم کی طرح سخت حفاظتی انتظامات کریں۔

اس روز کئی بڑے شہروں میں موبائل فون سروس معطل رکھنے اور کراچی، پشاور سمیت کئی شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ اس روز ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی اخبارات خصوصی اشاعت کریں گے جبکہ ریڈیو اور ٹی وی چینلز نے بھی اس روز کیلئے خصوصی پروگرام تیار کر لئے ہیں۔