ایران کی کیتھرائن آشٹن کو دورے کی دعوت ،یورپی یونین خارجہ پالیسی سربراہ نے درخواست قبول بھی کرلی

پیر 13 جنوری 2014 07:42

تہران(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13 جنوری ۔2014ء)ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کیتھرین آشٹن کو اسلامی جمہوریہ کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے،اس کی اطلاع خبررساں ایجنسی مہر نے ان کے نائب کے حوالے سے گزشتہ روز دی ہے۔ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام کے بارے میں نائب مذاکرات کار عباس ارقچی نے مجوزہ دورے کی کوئی تاریخ بتائے بغیر کہا کہ آشٹن کو جواد ظریف کی طرف سے جب ہو چاہیں ایران کے دورے کی کھلی دعوت موصول ہوئی ہے۔

آشٹن کے ترجمان مائیکل مان نے مبینہ دعوت نامے کا اعتراف کیا ہے۔ مائیکل مان نے برسلز میں کہا کہ انہوں نے اپنے دورہ ایران کیلئے ممکنہ دعوت نامے کے بارے میں اخباری اطلاعات میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی عندیہ دیا ہے کہ وہ جامع معاہدے کے سلسلے میں پیشرفت کیلئے کام کرنے کی غرض سے ایران کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

ایران اور عالمی طاقتیں تہران کے جوہری پروگرام کو روکنے کے بارے میں طے پانے والے تاریخی معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے جمعہ کو متفق ہوگئے ہیں،تاہم اس کے روبہ عمل آنے سے قبل ہر ملک کی طرف سے اس کی توثیق کرنی باقی ہے۔ارقچی نے کہا کہ مذاکرات باہمی مفاہمت کے ماحول میں ہوئے اور ہم نے معاہدے کے تمام تینوں نکات کا حل تلاش کرلیا ہے،تاہم دارالحکومتوں کو فیصلہ کرنا چاہئے کہ آیا وہ ان حل کو تسلیم کرتے ہیں یا مسترد کرتے ہیں۔

نومبر میں طے پانے والے معاہدے کے تحت تہران بین الاقوامی پابندیوں سے معمولی ریلیف کے بدلے میں چھ ماہ کیلئے اپنے جوہری پروگرام کے کچھ حصے روک دینے پر آمادہ ہوگیا ہے۔مان نے قبل ازیں کہا کہ اس کے علاوہ مغربی قوتوں نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اس کی بری طرح متاثرہ معیشت کیخلاف مزید پابندی عائد نہیں کریں گے،اعلیٰ سطح کے ایرانی اور یورپی یونین کے مذاکرات کے درمیان دو روزہ مذاکرات جمعہ کو جنیوا میں ختم ہوگئے ہیں اور تمام اہم امور پر انتہائی اچھی پیشرفت ہوئی ہے۔آشٹن ایران کے ساتھ ایک دہائی سے جوہری مذاکرات میں برطانیہ،چین،فرانس،جرمنی،روس اور امریکہ پر مشتمل عالمی طاقتوں کے گروپ5+1کی نمائندگی کرتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :