وزیر داخلہ سوشیل کمار شنڈے کا داؤد ابراہیم کے ساتھ قریبی رابطہ اور اس کے ساتھیوں کی پشت پناہی کررہے ہیں، اسے بچانے کیلئے اپنے اختیارات بھی استعمال کررہے ہیں ،آر کے سنگھ ،ممبئی دھماکوں میں ملوث شخص کو بھارت لانے کیلئے امریکی خفیہ ایجنسی سے کوئی تبادلہ خیال نہیں ہوا ، وزیر داخلہ کو بہت سی باتوں کا علم ہے جن سے وہ جان بوجھ کر پردہ نہیں اٹھانا چاہتے ، سابق سیکرٹری بھارتی وزارت داخلہ کی صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 16 جنوری 2014 04:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جنوری۔2013ء)بھارتی وزارت داخلہ کے سابق سیکرٹری آر کے سنگھ نے وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے پر داؤد ابراہیم کے ساتھیوں کو بچانے اور ان کی پشت پناہی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے دورے کے دوران ممبئی بم دھماکوں میں ملوث شخص کو بھارت لانے کیلئے امریکی خفیہ ایجنسی کے ساتھ کوئی تبادلہ خیال نہیں کیا گیا اور اس سلسلے میں وزیر داخلہ غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ وزیر داخلہ داؤد ابراہیم کے ساتھیوں کی نہ صرف پشت پناہی کررہے ہیں بلکہ انہیں بچانے کیلئے دہلی پولیس کو ان کیخلاف کارروائیاں کرنے کی بھی اجازت نہیں دی ۔ انہوں نے کہا کہ داؤد ابراہیم کے قریبی ساتھیوں کا وزیر داخلہ کے ساتھ رابطہ ہے اور وہ ان کی نہ صرف پشت پناہی کررہے ہیں بلکہ انہیں بچانے میں اپنے اختیارات کا بھی استعمال کرنے سے گریز نہیں کررہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے انکشاف کیا کہ وزیر داخلہ نے امریکہ کے دورے کے دوران ایف بی آئی کے ساتھ داؤد ابراہیم کو بھارت لانے کا کوئی معاہدہ نہیں کیا اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی تبادلہ خیال ہوا اور وزیر داخلہ داؤد ابراہیم کو ایف بی آئی کے ذریعے جو بھارت لانے کے دعوے اور وعدے کررہا ہے وہ حقیقت سے کوسوں دور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کے علم میں بہت ساری باتیں ہیں جن سے وہ جان بوجھ کر پردہ نہیں اٹھانا چاہتے ۔

متعلقہ عنوان :