تہران سے سمجھوتے کے باوجود پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدے پر تحفظات برقرار ہیں، امریکا،اگر ایران سمجھوتے کی پاسداری کرتا ہے تو اس صورت میں معاہدے کی مدت میں توسیع کی جائے گی، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

جمعرات 16 جنوری 2014 04:17

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جنوری۔2013ء)امریکا نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ تہران کے ساتھ جوہری توانائی کے سمجھوتے کے باوجود واشنگٹن کے پاک ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے تحفظات برقرار ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان میری ہارف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان ہونے والے گیس پائب لائن معاہدے کے حوالے سے واشنگٹن کے تحفظات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، ایران اور 6 عالمی طاقتوں کے مابین ہونے والے جوہری توانائی کے سمجھوتے کے مطابق اگر تہران معاہدے کی پاسداری کرتا ہے تو اسے کچھ رعایت ضرور ملے گی تاہم ایران پر تیل، بینکنگ اور معاشی پابندیاں برقرار رہیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے مطابق عالمی توانائی ایجنسی 20 جنوری کو ایران کے نیوکلیئر پروگرام کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کرے گی اور اگر ایران سمجھوتے کی پاسداری پر پورا اترتا ہے تو اس صورت میں معاہدے کی مدت میں توسیع کی جائے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے پاک ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے مسلسل تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے اور معاہدے کی صورت میں پاکستان کو امداد بند کرنے کی دھمکیاں بھی دی جاتی رہی ہیں جبکہ پاکستان اور ایران کی حکومتیں گیس پاپ لائن معاہدے کو ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتی ہیں۔