پاکستان کے بعد کرکٹ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے بھی بنگلہ دیش کی سیکیورٹی پر سوال اٹھادیئے، ورلڈ ٹی 20 کو کسی اور ملک منتقل کرنے کی تجویز دے دی

جمعرات 16 جنوری 2014 03:44

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جنوری۔2013ء) پاکستان کے بعد کرکٹ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے بھی بنگلہ دیش کی سیکیورٹی پر سوال اٹھادیئے ہیں، فیکا نے ورلڈ ٹی 20 کو کسی اور ملک منتقل کرنے کی تجویز دی ہے۔بنگلادیش میں ورلڈ ٹی 20 کا انعقاد مشکل میں پڑگیا، کشیدہ صورتحال پر پاکستان کے بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ بھی بول پڑے، فیکا نے بھی ایونٹ منتقل کرنے کی تجویز دے دی۔

(جاری ہے)

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق بنگلا دیش ٹیم بھیجنے کا فیصلہ آئی سی سی سیکیورٹی اجلاس کے بعد کیا جائے گا، 20 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں کرکٹ آسٹریلیا کے اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ کے ساتھ فیکا کا نمائندہ بھی شامل ہوگا۔فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن بھی ورلڈ ٹی 20 کے بنگلادیش میں انعقاد کے حق میں نہیں، چیئرمین پال مارش نے آئی سی سی کو تجویز دی ہے کہ وہ کھلاڑیوں کو خطرے میں ڈالنے کے بجائے ایونٹ کو سری لنکا یا متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کے آپشن پر غور کرے۔