وزیر اعظم سے وزیر داخلہ کی ملاقات ، کراچی سمیت ملک میں امن وامان کے حوالے سے بریفنگ دی ،وزیر اعظم محمد نوازشریف کا کراچی میں امن وامان کے قیام کیلئے جاری آپریشن پر اطمینان کا اظہار ، طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے مشاورت

جمعہ 17 جنوری 2014 07:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء)وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کراچی میں امن وامان کے قیام کیلئے جاری آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دہشت گردوں کو کسی صورت شہر میں دندنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،آپریشن اس وقت تک جاری رکھا جائیگا جب تک بدامنی کا مکمل خاتمہ نہ ہوجائے۔ جمعرات کو وزیراعظم نواز شریف سے وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے ملاقات کی ہے جس میں وزیر اعظم کو کراچی آپریشن اور طالبان سے مذاکرات سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

نجی ٹی وی کے مطابق کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف سے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیر اعظم ہاوٴس میں ملاقات کی جس میں وزیر داخلہ کی جانب سے نواز شریف کو کراچی میں چوہدری اسلم شہید پر حملے کے بعد آپریشن کے نئے مرحلے سے متعلق بریفنگ دی، اس موقع پر نواز شریف نے آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردوں کو کسی صورت شہر میں دندنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور آپریشن اس وقت تک جاری رکھا جائے گا جب تک بدامنی کا مکمل خاتمہ نہ ہوجائے، ملاقات میں کراچی سمیت دیگر شہروں میں پولیس فورسز کی صلاحیتوں میں اضافہ اور اسے جدید آلات فراہم کرنے سے متعلق بھی اہم فیصلے کئے گئے۔

(جاری ہے)

چوہدری نثارعلی خان نے وزیر اعظم کو طالبان سے مذاکرات کے طریقہ کار اور اس حوالے سے دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت سے متعلق بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا جب کہ مذاکرات کے لئے جو ٹاسک مولانا فضل الرحمان اور مولانا سمیع الحق دیا گیا تھا اس پر بھی بات چیت کی گئی۔