توانائی بحران کا حل ایل این جی کی درآمد میں ہے ، شاہد خاقان عباسی ، ملک میں گیس کی پیداوار اور استعمال کے حوالے سے جائزہ رپورٹ تیار کی جارہی ہے جو جلد پیش کردی جائے گی،ایل این جی درآمد سے ملک میں سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی، تقریب سے خطاب

جمعہ 17 جنوری 2014 07:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جنوری۔2014ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں گیس کی ضرورت اور ضیاع کا اندازہ لگانے کے لیے اس کی پیداوار اور استعمال کے حوالے سے ایک جائزہ رپورٹ تیار کی جارہی ہے جو جلد پیش کردی جائے گی ۔ توانائی بحران کا حل ایل این جی کی درآمد میں ہے ، ایل این جی درآمد سے ملک میں سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی ۔

وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور نارویجن یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری توانائی بحران کا حل ایل این جی کی درآمد میں ہے پہلے مرحلے میں ملک میں دسمبر 2014ء سے ایل این جی کی درآمد شروع ہوجائے گی ۔

(جاری ہے)

ایل این جی کی درآمد سے ملک میں سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یومیہ دو بلین معکب کیوبک فٹ آئے گی۔ایل این جی کی درآمد سے ملک میں توانائی بحران میں پچاس فیصد کمی ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی بحران کے خاتمے میں سنجیدہ ہے اور اس کے خاتمے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں ۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایران پاکستان اور تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر کام جاری ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ ایل این جی کی قیمت پر ابھی مذاکرات جاری ہیں اور اس پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ۔ اس موقع پر پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ ( پی پی ایل ) نے تکنیکی لحاظ سے تعلیم یافتہ ، ہنر مند افراد تیار کرنے اور ایکسپلوریشن اور پروڈکشن صنعت میں جدت پسندی کے اقدامات سے منسلک کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے صنعت اور تعلیمی اداروں کے مابین تعاون کے سلسلے میں این ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور نارویجن یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ۔