ایشیا کپ بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا ، ا ے سی سی نے حتمی فیصلہ کرتے ہوئے شیڈول کا اعلان کردیا ،پاکستان اپنا پہلا میچ سری لنکا کیخلاف 25 فروری کو کھیلے گا جبکہ روایتی حریف بھارت سے قومی کرکٹ ٹیم کا ٹاکرا 2مارچ کو ہوگا ، بنگلہ ا دیش کے حالات اور سیکیورٹی صورت حال پر تشویش ہے، ایشیا کپ میں شرکت کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ وزارت خارجہ اور حکومتی ہدایت کے تحت کیا جائے گا، چوہدری ذکاء اشرف

جمعہ 17 جنوری 2014 07:09

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جنوری۔2014ء) ایشیا کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کے شیڈول کا با ضابطہ اعلان کردیا ہے، ٹورنامنٹ 25فروری سے 8مارچ تک بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں ہی کھیلا جائے گا جس کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ شیڈول کے تحت پاکستان اور روایتی حریف بھارت 2 مارچ کو مد مقابل ہوں گے۔اے سی سی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ایشیا کپ کے تمام میچ بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

25 فروری سے 8 مارچ تک جاری رہنے والے اس ایونٹ کا اففتاحی میچ 25فروری کو پاکستان اورسری لنکاکے درمیان ہوگا، 27 فروری کو پاکستان اور افغانستان مدمقابل ہوں گے ، 2 مارچ کو پاکستان کا ٹاکرا روایتی بھارت سے ہوگا جبکہ 4مارچ کو میزبان بنگلا دیش اور پاکستان کا میچ ہوگا۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ کا فائنل 8 مارچ کو کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان ایشیا کپ کا دفاعی چیمپئین ہے تاہم بنگلا دیش کی خراب سیاسی صورتحال کی وجہ سے قومی ٹیم کے ایشیا کپ میں شرکت کے حوالے سے کئی شکوک و شبہات پائے جاتے تھے لیکن اب ایشیا کپ بنگلہ دیش میں کرانے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔

گزشتہ دنوں بحال ہونے والے پی سی بی کے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کے حالات اور سیکیورٹی صورت حال پر تشویش ہے اور ایشیا کپ میں شرکت کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ وزارت خارجہ اور حکومتی ہدایت کے تحت کیا جائے گا