حکومت نے 2کروڑ روپے کی مالی گرانٹ جاری نہ کی تو پاکستان اذلان شاہ ہاکی کپ میں شرکت نہیں کر سکے گا ، ایشین گیمز میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ حکومت کرے گی، اولمپین رانا مجاہد ،مالی بحران کے خاتمے کیلئے فیڈریشن کو فوری 30کروڑ روپے گرانٹ کی ضرورت ہے ، قومی کھیل کی ترقی کیلئے حکومت مالی بجٹ میں 50کروڑ روپے سالانہ مختص کرے ،وزیر اعظم کو تمام صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے، ، ملک میں انٹر نیشنل ہاکی کی بحالی کیلئے 6ملکی پرائم منسٹر گولڈ کپ منعقد کرانے کی تجویزحکومت کو دی ہے ، سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 17 جنوری 2014 07:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جنوری۔2014ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپین رانا مجاہد نے کہا ہے کہ حکومت نے 2کروڑ روپے کی مالی گرانٹ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو جاری نہ کی تو پاکستان اذلان شاہ ہاکی کپ میں شرکت نہیں کر پائے گا ، مالی بحران کے خاتمے کیلئے فیڈریشن کو فوری 30کروڑ روپے گرانٹ کی ضرورت ہے ، قومی کھیل کی ترقی کیلئے حکومت مالی بجٹ میں 50کروڑ روپے سالانہ مختص کرے ،وزیر اعظم کو تمام صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے، ایشین گیمز میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ حکومت کرے گی ، ملک میں انٹر نیشنل ہاکی کی بحالی کیلئے 6ملکی پرائم منسٹر گولڈ کپ منعقد کرانے کی تجویز حکومت کو دی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جوائنٹ سیکرٹری انجم سعید، صدر نیشنل پریس کلب شہریار خان سمیت دیگر بھی موقع تھے ۔

(جاری ہے)

رانا مجاہد نے کہاکہ ہاکی فیڈریشن کے پاس انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کیلئے فنڈز نہیں ہے اور فیڈریشن مالی بحران کا شکار ہے اور اگر حکومت نے فیڈریشن کو 2کروڑ روپے جاری نہ کئے تو پاکستان ذلان شاہ ہاکی کپ میں شرکت نہیں کر پائے گا ۔

انہوں نے کہاکہ فیڈریشن نے ہاکی کی ترقی کیلئے سالانہ 10ڈومیسٹک ٹورنامنٹس منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنا پلان بھی وزارت بین الصوبائی رابطہ کو بھجوا دیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ روایتی حریف بھارت کیساتھ تین میچوں کی سیریز کے انعقاد کیلئے انڈین ہاکی فیڈریشن نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی ہے تاہم اس سیریز کو انہوں نے بھارتی حکومت کی اجازت سے مشروط کر دیا ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں رانا مجاہد نے کہاکہ ہاکی فیڈریشن کا مالی بحران حل کرنے کیلئے حکومت 30کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کرے کیونکہ فیڈریشن کے پاس ہاکی کلب آف پاکستان کے علاوہ کو ئی مستقل آمدن کا ذریعہ نہیں ہے جبکہ حکومت اپنے مالی بجٹ میں قومی کھیل کی ترقی کیلئے سالانہ 50کروڑ روپے مختص کرے۔ انہوں نے کہاکہ فیڈریشن دو اولمپک ایسو سی ایشنز کے جھگڑے میں نہیں پڑنا چاہتی ، ہم حکومت کی پالیسی کے مطابق چلیں گے ، ہم نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ ہمیں لکھ کر دے کہ ہاکی فیڈریشن نے کس اولمپک کیساتھ کھڑا ہونا ہے تاہم حکومت اس حوالے سے تاحال خاموش ہے ۔

ا ن کا کہنا تھا کہ ہمارا سابق اولمپینز سے کوئی جھگڑا نہیں ہے ، ہم انہیں عزت اور عہدے دینا چاہتے ہیں کہ وہ آئیں اور ملکر ہاکی کی ترقی کیلئے کام کریں جبکہ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض پیزادہ کی جانب سے ہاکی فیڈریشن کے انتخابات تسلیم نہ کرنے کے حوالے سے تاثر درست نہیں ، وہ ہماری مکمل راہنمائی کر رہے ہیں ۔اس موقع پر انہوں نے اسلام آباد کی ہاکی اکیڈمی کے بچوں میں ہاکیاں بھی تقسیم کی۔

متعلقہ عنوان :