بھارت میں لڑکیوں کا نیا محافظ آ گیا،بھارت میں خواتین کے لیے ایک نئی پستول متعارف، جس کا نام دہلی میں جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی طالبہ کے نام سے منسوب، پستول سے خواتین کو اپنے تحفظ میں مدد ملے گی ،حکام،یہ متاثرہ لڑکی کی یاد کی توہین ہے، ناقدین

ہفتہ 18 جنوری 2014 03:23

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جنوری۔2014ء)بھارت میں خواتین کے لیے ایک نئی پستول متعارف کروائی گئی ہے جس کا نام گذشتہ سال دہلی میں جنسی زیادتی کا شکار ہونے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو جانے والی طالبہ کے نام پر رکھا گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ اس پستول سے خواتین کو اپنے تحفظ میں مدد ملے گی جبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ متاثرہ لڑکی کی یاد کی توہین ہے۔

بھارت میں اسلحہ بنانے والی ایک ریاستی فیکٹری میں تیارہ کردہ اس پستول کا وزن صرف پانچ سو گرام ہے اور یہ 32 بور کا ریوالور ہے۔فیکٹری کے جنرل مینجر عبد الحمید نے بتایا کہ یہ پستول پندرہ فٹ تک اپنے ہدف پر درست نشانہ لگا سکتی ہے اور اس کا نام نربیک رکھا گیا ہے۔اگرچہ مرد بھی اسے استعمال کر سکتے ہیں، خواتین کو اس کی طرف راغب کرنے کے لیے اس کے ساتھ آپ ایک جولری کیس بھی خرید سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

لفظ نربیک نربھایا کا مترادف ہے جو کہ بھارتی پریس نے بطور متاثرہ لڑکی کے نام کے استعمال کیا تھا۔ بھارتی قوانین کے تحت اس لڑکی کا نام ظاہر نہیں کیا جا سکتا۔ ان دونوں الفاظ کا ہندی زبان میں مطلب بے خوف ہوتا ہے۔پستولوں سے منسلک تشدد پر کام کرنے والی ایک تنظیم کی نیپرام کا کہنا ہے کہ پستول ہونے سے آپ زیادہ محفوظ نہیں ہوتے بلکہ آپ کو لاحق خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

تنظیم کی تحقیق کے مطابق ایک مسلح انسان کے ہلاک ہونے کا امکان بارہ گنا زیادہ ہے۔اگرچہ خواتین کے لیے ہلکے وزن کی پستول پر کام پہلے سے ہو رہا تھا لیکن گذشتہ سال کے واقعے کے بعد اس کام میں تیزی آئی ہے۔ 23 سالہ لڑکی کو جنسی زیادتی کے بعد لوہے کے ایک ڈنڈے سے مارا گیا اور پھر چلتی بس سے پھینک دیا گیا تھا۔اس پستول کی قیمت سوا ایک لاکھ بھارتی روپے کے قریب ہے۔

اس کے باوجود عبد الحمید کہتے ہیں کہ اس کی کافی مانگ ہے۔اس پستول کے متعارف کرنے کے بعد سے بھارت میں بحث شروع ہو گئی ہے کہ کیا اس سے خواتین زیادہ محفوظ ہوں گی کہ نہیں۔کانپر کے چنف آف پولیس رام کرشنا چتروردی کا کہنا ہے کہ ہیں کہ اس سے خواتین زیادہ محفوظ ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ’یہ بالکل ایک اچھا خیال ہے۔ اگر آپ کے پاس قانونی ہتھیار ہو تو آپ کی خود اعتمادی بھی بھڑتی ہے اور مجرموں کو خوف بھی آتا ہے۔

متعلقہ عنوان :