عالمی معائنہ کار تہران پہنچ گئے

اتوار 19 جنوری 2014 06:29

تہران (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جنوری۔2014ء)بین الاقوامی برادری کے ایران کے ساتھ طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے ایٹمی توانائی کے عالمی ادارے کے معائنہ کاروں کی ایک ٹیم ہفتے کو تہران پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

ایران کے سرکاری میڈیا کی رپورِٹوں کے مطابق اقوام متحدہ کی ایٹمی توانائی کی ایجنسی کے یہ انسپکٹرز اس حالیہ معاہدے پر عملدرآمد کی نگرانی کریں گے، جس میں تہران کے ایٹمی پروگرام کو عارضی طور پر محدود کر دینے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل رکن ملکوں اور جرمنی پر مشتمل چھ کے گروہ کے ساتھ ایران نے اس معاہدے پر اتفاق گزشتہ نومبر میں کیا تھا لیکن تمام تکنیکی تفصیلات کے ساتھ اس ڈیل کو حتمی شکل گزشتہ ہفتے دی گئی تھی۔ اس ڈیل کی مدت چھ ماہ میں پوری ہو جائے گی۔