شاہ زین بگٹی کے قافلے کی ڈیرہ بگٹی کے قریبی علاقوں میں پہنچنے سے علاقے کی صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے،ترجمان صوبائی حکومت ،اسے دانشمندی اور تحمل کے ساتھ حل کرنے کی ضرورت ہے ، تاکہ علاقہ کا امن خراب نہ ہو، بیان

اتوار 19 جنوری 2014 06:23

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جنوری۔2014ء )حکومت بلوچستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی کے قافلے کی ڈیرہ بگٹی کے قریبی علاقوں میں پہنچنے سے علاقے کی صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے اور اسے دانشمندی اور تحمل کے ساتھ حل کرنے کی ضرورت ہے ، تاکہ علاقہ کا امن خراب نہ ہو، ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈیرہ بگٹی سے نقل مکانی کرنے والوں کی اپنے علاقے میں واپسی کے حوالے سے نوابزادہ شاہ زین بگٹی کا دو تین ماہ سے صوبائی حکومت کے ساتھ رابطہ تھا ،نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے جب ڈیرہ بگٹی جانے کی خواہش کا اظہار کیا تو صوبائی حکومت نے ان کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ، لیکن نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے اپنے قافلے سمیت بغیر سیکورٹی و دیگر ضروری انتظامات کے علاقے میں جانے کی کوشش کی ، جس سے علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوئی اور مخالفین کے ساتھ تصادم کا اندیشہ پیدا ہوا ، وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کشیدہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے ، ترجمان کے مطابق حکومت بلوچستان کا موقف ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈروں کو اعتماد میں لیکر ساز گار ماحول پید ا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بگٹی قبیلے کے نقل مکانی کرجانے والے افرادپر امن طریقے سے اپنے علاقے میں پہنچ کر دوبارہ آباد ہوسکیں ، ترجمان نے کہا کہ علاقے میں قبائلی رنجشیں پہلے سے موجود ہیں اور حکومت نہیں چاہتی کہ وہاں کوئی ناخوشگوار صورتحال پید اہو، ترجمان نے اس توقع کا اظہار کیاکہ حالات کے مطابق دانش اور تحمل کا مظاہرہ کیا جائے گااور علاقہ میں ساز گار ماحول پید ا ہونے تک نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور ان کے ساتھی ڈیرہ بگٹی کا اپنا پروگرام مؤخر کر دیں گے۔