پشاور،تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی دھرنے کو57روز مکمل

اتوار 19 جنوری 2014 06:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جنوری۔2014ء)تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی دھرنے کو57روز مکمل ہو گئے۔ہفتے کو دھرنے کے 57ویں روز ضلع نوشہرہ کے کارکنان نے ایم پی ایز قربان علی ،خلیق الرحمان اور بابائے دھرنا فیاض خلیل کی قیادت میں دھرنا دیا۔شرکاء کی بڑی تعداد نے دھرنے میں حصہ لیا اس موقع پر اتحادی جماعتوں کے کارکنان بھی موجود تھے۔

شرکاء نے ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔اس موقع پر وفاقی حکومت اور امریکہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری ،سالمیت پر حملہ ہیں جبکہ یہ بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں امریکی غلام چور دروازے سے اقتدارمیں آتے ہیں اور ڈرون حملوں سمیت قومی غیرت کے کسی بھی معاملے پریہ حکمران بھیگی بلی بن جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

رہنماؤں نے کہاکہ ڈرون حملے وفاقی حکومت کی مرضی اور اجازت سے ہوتے ہیں۔شیر کی کھال میں موجود گیدڑ نما لیڈر امریکیوں کے سامنے نظریں نہیں اٹھا سکتے بھلا یہ ڈرون حملے روکنے کی بات کیا کریں گے۔انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا ڈرون حملوں کیخلاف احتجاج اس وقت تک جاری رہیگا جب تک ڈرون حملے بند نہیں ہوتے۔انھوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کی وجہ سے دہشتگردی بڑھتی ہے اور نتیجے میں پاکستانی عوام متاثر ہوتے ہیں۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ امریکی امداد قبائلی علاقوں میں فوج کو بھجوانے کیلئے دی جاتی ہے اس سے پاکستان کے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔انھوں نے کہا کہ امریکی امداد کی بندش کی دھمکیوں سے ڈرون حملوں کیخلاف دھرنے کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں ختم کر سکتی۔نیٹو سپلائی روکنے کیلئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ایک کال پر ہر قربانی کیلئے تیار ہیں۔