پاکستان اورمراکش نے دوطرفہ تجارتی وکاروباری تعلقات کوفروغ دینے پراتفاق ،دونوں ممالک فوری بنیادوں پرترجیحاتی تجارتی معاہدے کوحتمی شکل دیکرتجارتی اورکاروباری تعاون کوفروغ دینے کوترجیح دیں گے

پیر 20 جنوری 2014 05:43

مراکش،اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جنوری۔2014ء)پاکستان اورمراکش نے دوطرفہ تجارتی اورکاروباری تعلقات کوفروغ دینے پراتفاق کیاہے اوراس مقصدکیلئے دونوں ممالک فوری بنیادوں پرترجیحاتی تجارتی معاہدے کوحتمی شکل دیکرتجارتی اورکاروباری تعاون کوفروغ دینے کوترجیح دیں گے ۔یہ اتفاق رائے وزیراعظم کے مشیربرائے امورخارجہ سرتاج عزیز اورمراکش کے وزیرخارجہ صلاح الدین میرواعظ کے درمیان مراکش کے قدیمی قصبے میں منعقدہ اوآئی سی کی القدس کمیٹی کے بیسویں سیشن کے موقع پرملاقات کے دوران طے پایا۔

دونوں فریقین نے اپریل میں پاکستان میں مشترکہ وزارتی کمیشن کے انعقاد کافیصلہ کیا،جس کیلئے مراکش کے وزیرخارجہ پاکستان کادورہ کریں گے ،پاک مراکومشترکہ بزنس کونسل کابھی ازسرنوجائزہ لیاجائیگا۔

(جاری ہے)

سرتاج عزیزکااس موقع پرکہناتھاکہ اگردوطرفہ تجارتی تعلقات کوفروغ دیناہے تو 2008ء سے تعطل کاشکارپاک مراکوپی ٹی اے کیلئے مذاکرات کوآگے بڑھاناہوگا،جوکہ اس وقت مراکش کیلئے ضروری ہے ۔

دونوں فریقین نے کاروباری ویزوں کے معاملے کوبھی سہل بنانے اوراپنے تجارتی تعاون کوبہتربنانے کیلئے کاروباری وفودکے تبادلوں میں اضافے پربھی اتفاق کیا۔اس موقع پرمراکش کے وزیرخارجہ کاکہناتھاکہ ان کاملک ایک کھلی مارکیٹ ہے اورخاص طورپربرادراسلامی ملک پاکستان کے ساتھ کاروباری تعاون کوفروغ دینے کاخیرمقدم کریگا۔دونوں فریقین نے اس بات پرزوردیاکہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی شعبے میں پائی جانے والی موجودہ قربت اورخیرسگالی کی عکاسی ان کے اقتصادی اورتجارتی تعلقات میں بھی نظرآنی چاہئے ۔

سرتاج عزیزکاکہناتھاکہ پاکستانی عوام شاہ محمدششم کے دورہ پاکستان کے منتظرہیں ،جن کی قیادت میں مراکش نے تمام شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے ۔دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دوروں کوبھی فروغ دیناچاہئے ۔مراکش کے وزیرخارجہ نے القدس کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کی بھرپورشرکت کوسراہا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ سے فلسطینی کازاورمسلم امہ کودرپیش دیگرمعاملات کے حل میں سرگرم کرداراداکیاہے۔

متعلقہ عنوان :