وفاقی حکومت اور مسلح افواج کواب یا کبھی نہیں کی بنیاد پر فیصلہ کرنا ہے، فاروق ستار،طالبان دہشت گردوں کی جانب سے مسلح افواج اور عام شہریوں کو مسلسل نشانہ بنایاجارہا ہے،حکومت اور اداروں نے اب تک یہ فیصلہ نہیں کیا کہ وہ طالبان سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں یا نہیں،بیان

پیر 20 جنوری 2014 05:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جنوری۔2014ء)قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے بنوں میں فوجی چھاوٴنی پر دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے اور بم دھماکے کے نتیجے میں درجنوں فوجی اہلکاروں کے شہید وزخمی ہونے پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

جاری کئے گئے ایک بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ طالبان دہشت گردوں کی جانب سے مسلح افواج اور عام شہریوں کو مسلسل نشانہ بنایاجارہا ہے لیکن حکومت اور قومی سلامتی کے اداروں کی جانب سے اب تک یہ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ وہ طالبان سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔

انہوں نے کہاکہ قائد تحریک مسلسل مطالبہ کررہے ہیں کہ حکومت اور قومی سلامتی کے ادارے طالبان سے مذاکرات کرنے یا نہ کرنے میں تاخیر نہ کریں ، حکومت اور مسلح افواج کے سربراہان سرجوڑ کربیٹھیں اور ملک وقوم کو دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے ٹھوس لائحہ عمل بنائیں لیکن افسوس کہ الطاف حسین کے مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ ڈاکٹر فاروق ستارنے کہاکہ اب وفاقی حکومت اور مسلح افواج کواب یا کبھی نہیں کی بنیاد پر طے کرنا ہوگا کہ انہیں طالبان سے مذاکرات کرنے ہیں یا کوئی اورفیصلہ کرنا ہے۔