حکومت کے 6ماہ،قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا انتخاب مکمل نہ ہو سکا،جمہوریت میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے بغیر قومی اسمبلی نامکمل ہے،پارلیمانی ذرائع

پیر 20 جنوری 2014 05:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جنوری۔2014ء)حکومت کو اقتدار میں آئے ہوئے6 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا لیکن تاحال قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے انتخاب کا عمل ہی مکمل نہیں ہوسکا جبکہ پارلیمانی امور اور وزارتوں کے احتساب کیلئے یہ کمیٹیاں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں ۔اب تک چار قائمہ کمیٹیوں اور 3 پارلیمانی کمیٹیوں کے چیئرمین منتخب نہیں ہو سکے جس پر پارلیمانی حلقے سخت تشویش کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ جمہوریت میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے بغیر قومی اسمبلی نامکمل ہے۔

ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ حکومت نے جس سست رفتاری سے دیگر قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل میں تاخیر کی لیکن ابھی بھی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ، قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و منصوبہ بندی و نجکاری ،کیبنٹ سیکرٹریٹ قواعد وضوابط،پارلیمنٹری کمیٹی برائے قومی کمیشن آف انسانی حقوق ،پارلیمنٹری کمیٹی برائے چیف الیکشن کمشنر اور پارلیمنٹری برائے نیشنل کمیشن آن ویمن اسٹیٹس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان کمیٹیوں کے حکومت تاحال چیئرمینوں کا انتخاب نہیں کراسکی ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ پارلیمنٹری کی تین کمیٹیوں جن میں قومی کمیشن آف انسانی حقوق ،چیف الیکشن کمشنر ،ایڈیشنل کمیشن آن وویمن سٹیٹس کے نہ تو ممبران اور نہ ہی چیئرمینوں کو حتمی شکل دی گئی ہے جبکہ خزانہ منصوبہ بندی و نجکاری کمیشن ،بین الصوبائی رابطہ ،کیبنٹ ،سیکرٹریٹ اور قواعد وضوابط کی کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا انتخاب نہیں ہوا ۔