کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کسی صورت بند نہیں ہوگا،تیزی لائی جائے گی،شرجیل میمن، سندھ حکومت بہت جلد سندھ بھر کے صنعتی زونز میں اضافہ کرے گی،تعلیم ، صحت، بلدیات، واٹر بورڈ سمیت تمام محکموں میں گھوسٹ ملازمین ہیں، اب ان کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ،میڈیا سے بات چیت

منگل 21 جنوری 2014 05:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جنوری۔2013ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بہت جلد سندھ بھر کے صنعتی زونز میں اضافہ کرے گی اور اس صوبے میں صنعتوں کو جھال پھیلایا جائے گا۔ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کسی صورت بند یا آہستہ نہیں ہوگا بلکہ اس میں تیزی لائی جائے گی۔ تعلیم ، صحت، بلدیات، واٹر بورڈ سمیت تمام محکموں میں گھوسٹ ملازمین ہیں، اب ان کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ہے اور اب صرف انہیں ہی تنخواہیں دی جائیں گی جو کام کریں گے۔

سائٹ کے صنعتی علاقوں میں 28کروڑ روپے کے پیکج سے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جارہا ہے اور جلد ہی صوبے کے تمام صنعتی زونز میں ترقیاتی کاموں کا جھال بچھایا جائے گا۔ کراچی میں ترقیاتی کاموں کا آغاز پیپلز پارٹی نے شروع کیا تھا اور اب اس کو وسعت بھی پیپلز پارٹی ہی دے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سائٹ ایسوسی ایشن کے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب، میڈیا سے بات چیت اور سائٹ ایریا میں زیر تعمیر سڑک کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔

اس موقع پر چیئرمین سائٹ ایسوسی ایشن یونس بشیر، بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی، سیکرٹری صنعت شازیہ رضوی، رکن سندھ اسمبلی عبدالحفیظ، ایم ڈی سائٹ لیمیٹڈ نذر محمد بزداراور دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سائٹ کے صنعتی علاقے میں گذشتہ 10برس سے کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور بالخصوص وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے صنعتکاروں سے ملاقات کے دوران ان کے مسائل کی نہ صرف انہیں یقین دہانی کروائی بلکہ سائٹ کے صنعتی اسٹریکچر کی بحالی کے لئے فوری طور پر 28کروڑ روپے کے فنڈز کا بھی اجراء کردیا ہے اور اس فنڈ سے مین سڑکوں کی ازسر نو تعمیر کے ساتھ ساتھ دیگر ملحقہ سڑکوں کی استرکاری کا کام بھی شروع کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایم ڈی سائٹ اور سیکرٹری صنعت کی انتھک محنت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد سائٹ کے انفراسٹریکچر کی بحالی کے لئے مزید خوشخبری دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سائٹ بھر میں قائم تجاوزات کے خاتمے کہ مہم بھی شروع کی گئی ہے اور اب سڑکوں کے جھال بھی بچھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے چیئرمین سائٹ کی جانب سے کراچی آپریشن کے حوالے سے تحفظات پر کہا کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن نہ رک رہا ہے اور نہ ہی آہستہ ہورہا ہے بلکہ اس میں مزید تیزی لائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رینجرز، پولیس اور سندھ حکومت کے درمیان کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے اور اس سلسلے میں میڈیا میں آنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم ایک دوسرے پر تنقید کرنے کی بجائے متحد ہوکر اس شہر، صوبے اور ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اور جرائم پیشہ عناصر کا کوئی مذہب اور جماعت نہیں ہے بلکہ وہ دہشتگرد ہے۔

اس موقع پر میڈیا کے سوالوں کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب ہمیں دہشتگردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ان کا مقابلہ کرنا ہے اور اب ان سے ڈرنے کی بجائے ان کا مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت میڈیا، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، علماء ، استادوں اور طالبعلموں کے ساتھ ہے اور ہم کسی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب تمام سیاسی جماعتوں کو بھی دہشتگردوں۔

کالعدم تنظیموں اور جرائم پیشہ عناصر کو شیلٹر فراہم کرنا بند کرنا ہوگا تاکہ ہم اس شہر، صوبے اور ملک سے دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ کیا جاسکے۔ کراچی میں ترقیاتی کاموں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ کراچی میں ترقیاتی کاموں کا سب سے پہلے آغاز شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور سے شروع ہوا اور اس شہر میں انڈر پاسز اور پلوں کی تعمیر کا آغاز شہید بینظیر بھٹو کے دور سے شروع ہوا ہے اور اب ہم اپنے چہیرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری جو شہید بی بی کے وژن پر عمل پیرا ہیں اس شہر میں ترقیاتی کاموں کو تکمیل تک پہنچائیں گے۔

انہو نے کہا کہ وہ بہت جلد کراچی میں مزید دو نئے پل کا افتتاح کریں گے، اس کے علاوہ کراچی سمیت صوبے بھر میں تمام انڈسٹریل ایریا کے لئے مزید زمین بھی فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر چیئرمین سائٹ ایسوسی ایشن یونس بشیر نے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کو سائٹ ایسوسی ایشن کے دورے اور سائٹ میں سڑکوں کی تعمیر کے لئے 28کروڑ روپے کی فنڈر کی فراہمی کے لئے ان کی کاوشوں کا سراہا اور کہا کہ صوبائی وزیر نے صنعتی زونز اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے جو وعدے کئے ہیں ان کو پورا کیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی ان کا تعاون ہمارے ساتھ رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ سائٹ میں پانی کی فراہمی کا مسئلہ سنگین ہے اور اس کے لئے بھی صوبائی وزیر کے ساتھ ہونے والی مٹینگ میں انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس مسئلے کو جلد حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سائٹ کے صنعتی علاقوں میں صنعتکاروں نے 20کروڑ روپے کی لاگت سے اپنی مدد آپ کے تحت سیکورٹی کے انتظامات کا منصوبہ تہار کیا ہے اور اس پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ سندھ حکومت اس سلسلے میں ہماری بھرپور مدد کرے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سراج قاسم تیلی نے بھی صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے سائٹ انڈسٹریل ایریا میں ترقیاتی کاموں کو شروع کئے جانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :