پاکستانی ٹیم نے ممکن کو ناممکن بنادیا، اظہر علی ، مصباح الحق اور سرفراز احمد کی شاندار بیٹنگ کی بدولت شارجہ تیسر ا ٹیسٹ پاکستان کے نام رہا ، اہم ٹیسٹ میچ کے آخری روز دوسری اننگز میں قومی ٹیم نے 302 کا ہدف حاصل کر کے سیریز 1-1سے برابر کردی، اظہر علی کو میچ وننگ اننگز پر مین آف دی میچ ، سری لنکن قائد انجیلو میتھیوز کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا

منگل 21 جنوری 2014 05:13

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جنوری۔2013ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ممکن کو ناممکن بنادیا، اظہر علی ، مصباح الحق اور سرفراز احمد کی شاندار بیٹنگ کی بدولت قومی ٹیم نے شارجہ میں سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے آخری روز دوسری اننگز میں302 کا ہدف حاصل کر کے نہ صر ف میچ اپنے نام کیا بلکہ سیریز بھی 1-1سے برابر کردی ، اظہر علی کو شاندار میچ وننگ سنچر ی سکور کرنے پر مین آف دی میچ جبکہ سری لنکن قائد انجیلو میتھیوز کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق تین ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے آخری روزپاکستانی ٹیم نے سری لنکا کو ان کی دوسری اننگز میں 214رنز پر آؤٹ کردیا تھا اور اس کی پہلی اننگز کی 87رنز کی برتری کو ملا کر پاکستان کو 302رنز کا ہدف ملا ۔

(جاری ہے)

۔پاکستان کی جانب سے بہترین گیند باز عبد الرحمان رہے جنہوں نے 4 وکٹیں لیں جبکہ سعید اجمل اور محمد طلحہ نے تین تین کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

قومی ٹیم نے کھانے کے وقفے کے بعد جب دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اسے 59اوورز میں یہ سنگ میل عبور کرنا تھا ۔ پاکستانی بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ قومی ٹیم کو دوسری اننگز میں پینتیس رنز پر پہلا نقصان ہوا۔ احمد شہزاد اکیس رنز بنا کرآوٴٹ ہوئے۔ اڑتالیس کے مجموعی اسکور پر اوپنر خرم منظور بھی اکیس رنز بنا کر کیچ آوٴٹ ہو گئے۔ یونس خان کی تجربہ کاری 29 رنز تک کام آ سکی۔

اس کے بعد اظہر علی اور سرفراز احمد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور قومی ٹیم کی جیت کے لیے راہ ہموار کی۔ سرفراز احمد 48 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ اظہر علی مرد بحران بننے کے بعد مرد میدان بنے۔ اظہر علی نے کیرئر کی شاندار پانچویں سنچری مکمل کر کے شارجہ ٹیسٹ کو یادگار بنا دیا۔ مصباح الحق نے بھی اپنی قائدانہ صلاحیتں دکھاتے ہوئے پچیسویں نصف سنچری مکمل کی اور اظہر علی کے ساتھ اسکور آگے بڑھایا۔

کپتان مصباح الحق نے وننگ شارٹ کھیلا۔پاکستان نے دوسری مرتبہ 300سے زائد کا ہدف عبور کیا ہے ۔ ا س سے پہلے چوتھے روز پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 341 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی اور کھیل کے اختتام تک سری لنکا کو 220 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔چھوتھے دن کھیل کے اختتام پر میتھوز اور ایچ اے پی ڈبلیو وردھنے کریز پر موجود تھے اور اس وقت تک پاکستان کی جانب سے طلحہ اور عبدالرحمان نے دو دو وکٹیں جبکہ سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کر رکھی تھی۔

اس سے قبل پاکستان نے جب چھ وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز پر چوتھے دن کا آغاز کیا تو آوٴٹ ہونے والے سب سے پہلے کھلاڑی عبد الرحمان تھے جو دن کے دوسرے اوور میں ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔پاکستانی کپتان مصباح الحق 63 رنز بنا کر رنگنا ہیراتھ کی گیند پر کیچ آوٴٹ ہوئے تو 10 ویں نمبر پر آنے والے فاسٹ بولر جنید خان نے آتے ہی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی۔

انہوں نے دو چھکوں کی مدد سے دس گیندوں پر 16 رنز بنائے۔ سعید اجمل کوئی رن بنائے بغیر ناٹ آوٴٹ رہے۔رنگنا ہیراتھ نے پانچ کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔تیسرے دن پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 19 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تھا اور میچ کے اختتام پر کپتان مصباح الحق اور سرفراز احمد کریز پر موجود تھے۔تیسرے دن پاکستان کی اننگز کی خاص بات احمد شہزاد کے سنچری تھی۔

وہ 147 رنز ہیرتھ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔آوٴٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑیوں میں خرم منظور نے 52، اظہر علی نے 8، اسد شفیق نے 18 اور یونس خان نے 17 رنز بنائے۔اس سے پہلے دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 19 رنز بنائے تھے جب احمد شہزاد اور خرم منظور کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب پانچ اور 14 رنز بنائے تھے۔

اس سے پہلے سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 428 رنز کر اننگز ڈکلئیر کر دی تھی۔سری لنکا کی جانب سے پرسنا جے وردھنے اور اینجلو میتھیوز نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔پاکستان کی اننگز کی خاص بات احمد شہزاد کے سنچری تھی۔ وہ 147 رنز ہیرتھ کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔میچ کے دوسرے دن سری لنکا کو جلد ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب پرسنا جے وردھنے کو محمد طلحہ نے 35 رنز پر آوٴٹ کر دیا۔

سری لنکا کی جانب سے بلے باز دل رو وان پریرا نے 12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 95 جبکہ اینجیلو میتھیوز نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 91 رنز بنائے۔دونوں بلے باز اپنی سنچریاں مکمل کرنے میں ناکام رہے۔پاکستان کی جانب سے جنید خان نے تین، سیعد اجمل اور محمد طلحہ نے دو دو جبکہ عبدالرحمان نے ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے تھے۔ جمعرات کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔

متعلقہ عنوان :