ترک وزیر اعظم کی یورپی یونین کے رہنماوٴں سے ملاقات،ن ترکی کے ساتھ یورپی یونین کے تعلقات پر تبادلہ خیال ، یورپی یونین واضح طور پر ترکی کے ساتھ باہمی دلچسپی پر بات چیت اور بہتر تعلقات کی خواہاں ہے،یورپی کمیشن

بدھ 22 جنوری 2014 06:23

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جنوری۔2013ء ) ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب ار دوان نے برسلز میں یورپی کمیشن کے صدر جوزے مانوئل باروسو اور یورپی یونین کی کونسل کے صدر ہرمن فان رومپوئے سے ملاقات کی. اس دوران ترکی کے ساتھ یورپی یونین کے تعلقات کا موضوع زیر بحث رہا۔ اس موقع پر یورپی کمیشن نے برسلز میں کہا کہ یورپی یونین واضح طور پر ترکی کے ساتھ باہمی دلچسپی پر بات چیت اور بہتر تعلقات کی خواہاں ہے۔

اردوان کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں عمل میں آیا ہے جب انقرہ حکومت کرپشن کے متعدد اسکینڈلز کے سبب شدید مشکلات سے دو چار ہے۔ انقرہ حکام نے چند روز قبل انقرہ شہر کے 350 پولیس افسران کو جبری طور پر ملازمتوں سے فارغ کر دیا تھا۔ ترکی کی داخلی صورتِ حال پر کڑی نظر رکھنے والی یورپی یونین نے ان اقدامات کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

(جاری ہے)

ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق حکومت نے یہ اقدام بدعنوانی کے اْس اسکینڈل کی وجہ سے اٹھایا، جس کی زد میں وزیر اعظم ایردوان کے بیٹے سمیت متعدد اہم سیاسی رہنما آئے ہیں۔

ترک وزیر اعظم نے اس اسکینڈل کو اپنے حریف فتح اللہ گوٴلن کی ایک سازش قرار دیا ہے۔ گوٴلن کا شمار ترکی کے با اثر ترین مبلغوں میں ہوتا ہے۔ ترکی یورپی یونین میں رکنیت حاصل کرنا چاہتا ہے تاہم یورپی یونین میں اس حوالے سے بہت سے تحفظات پائے جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :