کوئٹہ ، پولیس اور اغواء کاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، تین اغواء کار ہلاک ،مغوی شدید زخمی حالت میں بازیاب، اسلحہ ہو گولہ بارود برآمد

بدھ 22 جنوری 2014 06:21

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جنوری۔2013ء)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس اور اغواء کاروں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں تین اغواء کار ہلاک مغوی کو شدید زخمی حالت میں بازیاب کراکر اسلحہ ایمونیشن برآمد کر لیا مغوی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیافائرنگ اور دستی بم حملے کے بعد اے ٹی ایف اور فرنٹیئر کور کا عملہ بھی پہنچ گیا تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر واقعہ قلات اسٹریٹ میں ایک مکان پر چھاپہ مارا تو مکان میں موجود مسلح افراد نے پولیس فائرنگ کردی اور دستی بم پھینکا جو باہر گر کر زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا جس سے نزدیکی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے فائرنگ کے نتیجے میں ایک اے ایس آئی سجاد زخمی ہو گیاپولیس حکام نے فائرنگ اور دستی بم حملے کے بعد اینٹی ٹیرارسٹ فورس اور فرنٹیئرکور کی نفری کو طلب کر لیا نفری کے پہنچنے کے بعد پولیس نے مکان کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لیکر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تین اغواء کار ہلاک ہو گئے پولیس نے مکان سے مغوی مکیش کمار کو شدید زخمی حالت میں بازیاب کراکر سی ایم ایچ ہسپتال پہنچا دیا اور تینوں اغواء کاروں کی لاشیں قبضے میں لیکر مکان سے تین ایس ایم جی ،تین پسٹل،تین موٹرسائیکلیں اور 2دستی بم برآمد کر کے قبضے میں لے لیا پولیس کے مطابق مغوی مکیش کمار ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا مکیش کمار کو یکم جنوری 2014ء کو سرکی روڈ کے علاقے سے نا معلوم مسلح افراد نے اغواء کیا تھا یاد رہے کہ آج بھی کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن سے ایک تاجر کو نا معلوم افراد اغواء کر کے لے گئے ہیں لاشیں ضروری کارروائی کے بعد شناخت کیلئے مردہ خانے میں رکھ دی گئی ہیں مزید کارروائی پولیس کررہی ہے کیپٹل سٹی پولیس آفیسر عبدالرزاق چیمہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ مذکورہ مکان میں کچھ مشکوک لوگ رہائش پذیر ہیں جس پر پولیس نے وہاں پر چھاپہ مارا تو مکان میں موجود مسلح افراد نے پولیس پر فائرنگ کی اور دستی بم پھینکا جو باہر گر کر پھٹ گیا تاہم اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے تفتیش کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے تاہم اس وقت کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا ۔