وفاقی حکومت نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مستقبل کی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کا کام شروع کردیا، تمام وفاقی وزراء سیاسی جماعتوں اور دیگر متعلقہ حلقوں سے تجاویز حاصل کرکے حکومت کو فراہم کریں، وزراء کو خصوصی احکامات جاری

جمعرات 23 جنوری 2014 06:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23جنوری۔2013ء)وفاقی حکومت نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مستقبل کی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کا کام شروع کردیا اور تمام وفاقی وزراء سے کہا گیا ہے کہ وہ سیاسی جماعتوں اور دیگر متعلقہ حلقوں سے تجاویز حاصل کرکے حکومت کو فراہم کریں۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزراء کو خصوصی احکامات جاری کئے گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں،علماء کرام اور دیگر طبقوں سے رابطے کریں اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ان سے تجاویز حاصل کریں۔

اطلاعات کے مطابق طالبان کی طرف سے گزشتہ ہفتے کئے گئے کئی مسلسل حملوں کے بعد حکومت پر دباؤ بڑھ گیا ہے کہ وہ مذاکرات کی رٹ لگانے کی بجائے دہشتگردوں کیخلاف مؤثر کارروائی کرے،جیسا کہ سیکورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں شروع کردی ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے مذاکرات کو اولین ترجیح قرار دیا تھا اور اب بھی وزیراعظم نواز شریف مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں لیکن بہت سے وزراء اور متعلقہ حلقوں کی طرف سے یہ دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ حکومت اس حوالے سے واضح حکمت عملی اختیار کرے کیونکہ واضح حکمت عملی نہ ہونے کے باعث طالبان کو منظم ہوکر شدید حملے کرنے کا موقع مل رہا ہے جبکہ سیکورٹی فورسز حکومتی پالیسی کی طرف دیکھ رہی ہیں،اس حوالے سے توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں وزیراعظم خود اہم اعلان کرسکتے ہیں۔