پشاور، بڈھ بیڑ میں سکیم چوک کے قریب دکان میں دھماکے سے 9 افراد جاں بحق، 9 زخمی، 3 گاڑیاں تباہ ، زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا، صدر ، وزیراعظم اور وزراء کی دھماکے کی شدید مذمت ، وزیرداخلہ نے رپورٹ طلب کرلی

جمعہ 24 جنوری 2014 07:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جنوری۔2014ء) پشاور کے علاقے بڈھ بیڑ میں سکیم چوک کے قریب دکان میں دھماکے سے 9 افراد جاں بحق 9 زخمی ہوگئے ، 3 گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں ، زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، صدر ، وزیراعظم اور وزراء نے دھماکے کی شدید مذمت کی ، وزیرداخلہ نے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ بدھ کی شام پشاور کے علاقے بڈھ بیڑ کے سکیم چوک کے قریب گاڑیوں کی ورکشاپ میں مکینک ایک گاڑی کا کام کررہے تھے کہ اس دوران گاڑی میں زور دار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی دھماکے کے نتیجے میں ورکشاپ میں کھڑی تین گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں اور ورکشاپ میں موجود 9 افراد جاں بحق اور 9زخمی ہوگئے جبکہ دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ۔

پولیس کے مطابق دھماکہ گاڑی میں نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے کی وجہ سے ہو اجس میں 5 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے ہیں دھماکے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب صدر مملکت ممنون حسین نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے وزیراعظم میاں نواز شریف نے دھماکے کی شدید مذمت رتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور صوبائی حکومت کو زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے دھماکے کی شدید مذمت جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔

انہوں نے آئی جی خیبر پختونخواہ سے واقع کی رپورٹ طلب کرلی ہے علاوہ ازیں خیبر پختونخواہ کے گورنر و وزیراعلیٰ ، چاروں صوبوں کے گورنر و وزرائے اعلیٰ وفاقی و صوبائی وزراء سابق صدر آصف علی زرداری ، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ ، چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری ،ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ، مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین ، سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے ۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے ۔