”علامہ اقبال کی باتیں“سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے کتاب کا مسودہ تیار کرلیا،مشرف کی”ان دی لائن آف فائر“ کے جواب میں”بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا“ کی پرکشش مصنف سے تیار کرانے کا فیصلہ

جمعہ 24 جنوری 2014 07:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جنوری۔2014ء)سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اپنی خود نوشت کا پہلا مسودہ تیار کرالیا ہے اور یہ مسودہ سردار علی حسن اور احمد حسن نے تیار کیا ہے،سابق چیف جسٹس کی خواہش ہے کہ ان کی کتاب بھی پرویز مشرف کی کتاب”ان دی لائن آف فائر“ کے پس منظر میں تحریر کی جائے ،اس کتاب کا نام”علامہ اقبال کی باتیں“ہوگا جبکہ ”بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا“ کے عنوان سے ایک اور کتاب کسی پرکشش مصنف سے لکھوائی جائے گی،تاہم یہ بھی جسٹس افتخار کی آپ بیتی ہوگی ،ذاتی خود نوشت کا اصل دائرہ کار سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی معطلی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ سابق چیف جسٹس کی معطلی میں حساس اداروں،وکلاء ،میڈیا،سول سوسائٹی کا کردار بھی واضح کیا جائے گا،کتاب میں حساس اداروں کے اس کردار کو بھی واضح کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ انہوں نے سابق چیف جسٹس کو بدنام کرنے کیلئے مواد اور شہادتیں اکٹھی کیں،ایک پورا باب 9مارچ2007ء کے واقعات پر مشتمل ہوگا،سابق چیف جسٹس کو آرمی چیف کی جانب سے کیمپ آفس سے طلب کرنے،نواب اکبر بگٹی کو فوجی آپریشن کے ذریعے شہید کرنے،اقدام کو غیر آئینی قرار دیا گیا ہے اور اب اس حوالے سے اس کی پر زور مذمت بھی شامل کی گئی ہے،ذرائع نے خبر رساں ادارے کومزید بتایا کہ سابق چیف جسٹس کی کوشش ہے کہ اس کتاب کی زیادہ سے زیادہ رائلٹی حاصل کی جائے،اس کتاب کو ابتدائی طور پر غیر ملکی پبلشرز چھاپیں گے،اس کے بعد پاکستان میں بھی اس کی اشاعت کی اجازت دے دی جائے گی،کتاب میں صدارتی طرز حکومت کو پسند کیا گیا ہے اور اس کے حق میں لکھا گیا ہے۔