آزادکشمیر میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی اور 664کیوسک پانی کی فراہمی کے انتظامات کیے جائیں گے، خواجہ محمد آصف،منگلاڈیم واٹر یوزیز چارجز آزادکشمیر کو خیبر پختونخواہ کے مساوی دیئے جائیں گے،اجلاس میں گفتگو

ہفتہ 25 جنوری 2014 07:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25جنوری۔2014ء)وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجیدکو ہائیڈل جنریشن اورلوڈ شیڈنگ کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں یقین دہانی کرائی کہ آزادکشمیر میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی اور 664کیوسک پانی کی فراہمی کے انتظامات کیے جائیں گے۔وفاقی وزیر نے نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ میں نیٹ پرافٹ آزادکشمیر کو دینے سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ منگلاڈیم واٹر یوزیز چارجز آزادکشمیر کو خیبر پختونخواہ کے مساوی دیئے جائیں گے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے آزادکشمیر میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کرنے اور کوٹہ مقرر کرنے کے حوالے سے بریف کیا۔منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں حکومت آزادکشمیر اور حکومت پاکستان کے اعلیٰ آفیسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر نے ہائیڈل پاور جنریشن اور منگلاڈیم ریزنگ پراجیکٹ کے تمام حل طلب معاملات میں گہری دلچسپی لینے پر وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف کا شکریہ اد ا کیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر کہاکہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے متاثرین منگلاڈیم کے لیے بنانے جانے والے نیو سٹی اور سمال ٹاوؤنز میں ترقیاتی عمل میں رکاوٹیں پیش آرہی ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر خیبر پختونخواہ کے مساوی منگلاڈیم ،واٹر یوزیز چارجز کے حوالے سے وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف کو آگاہ کیا۔وفاقی وزیر پانی وبجلی  نے اس موقع پر کہاکہ متاثرین منگلاڈیم نے دوسری بار قربانی دے کر پاکستان کو منور وسیراب کیا ہے ہم اس پر انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

منگلاڈیم متاثرین اور اہلیان کشمیر کے تمام ایشوز کو حل کرنے کے لیے ہماری حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر کہاکہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے اندر دہشت گردی کی جو حالیہ لہر ہے جس میں اب تک فوجی جوان ،عورتیں،مرد،بچے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں ہمیں اس کا شدید صدمہ ودکھ ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان کے استحکام وخوشحالی کے لیے کشمیری ہر قسم کی قربانی دینے کا عزم رکھتے ہیں