صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس 27 جنوری کو طلب کرلیا، اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ جاری رکھے جانے کا امکان، اپوزیشن نے پیر کے روز اجلاس سے قبل پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا ، حتمی فیصلہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا

ہفتہ 25 جنوری 2014 07:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25جنوری۔2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس 27 جنوری کو طلب کرلیا۔ یہاں سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے آئین کے آرٹیکل 54 کی شق 1 کے تحت 27 جنوری کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا ہے۔ واضح رہے کہ چودھویں قومی اسمبلی کے اجلاس کا یہ 8 واں سیشن ہوگا جس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے۔

اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر بحث کی جائے گی۔ادھراپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ جاری رکھے جانے کا امکان ، اپوزیشن نے پیر کے روز اجلاس سے قبل پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا ، حتمی فیصلہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا، اپوزیشن تاحال اپنے مطالبے پر قائم ہے ۔

(جاری ہے)

باوثوق ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ حکومت اپوزیشن کو منانے میں ناکام ہوگئی ہے اسی لئے قومی اسمبلی کا اجلاس بھی ایک ہفتے لیٹ کیا گیا ۔

سپیکر کی جانب سے اپوزیشن کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن نے اپنا مطالبہ بحال رکھا اور کہا کہ وزیر داخلہ ایوان کے اندر ادا کئے گئے اپنے الفاظ واپس لیں تاہم سپیکر کو پیر کے روز شروع ہونے والے اجلاس سے قبل پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کرکے آگاہ کرنے کا کہا ۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے اجلاس کا بائیکاٹ جاری رکھنے جانے کا امکان ہے ۔