عمران خان نے خیبر پختونخوا کے کرکٹ کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے انڈر 17 "کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام " کا افتتاح کر دیا ، بچوں کو نو موذی بیماریوں سے بچانے کیلئے پشاورکی سطح پر تین ماہ کی "صحت کا انصاف "نامی مہم کابھی آغاز ،مہم پر بیس ارب روپے اخراجات آئیں گے، ساڑھے بارہ ہزار رضا کار تیار کر لئے گئے ہیں،رضا کاروں کے سفری،کھانے کے اخراجات اور سیکورٹی حکومت کی ذمہ داری ہو گی، شکیل آفریدی اور سی آئی اے نے پولیو مہم کی آڑ میں جو کیا اس کی وجہ سے لاکھوں پاکستانی بچوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں،عمران خان کا پریس کا نفرنس سے خطاب

اتوار 26 جنوری 2014 08:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جنوری۔2013ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبر پختونخوا کے کرکٹ کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور انہیں قومی ٹیم میں شامل کرنے کیلئے انڈر 17 "کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام " کا افتتاح کر دیا جبکہ بچوں کو نو موذی بیماریوں سے بچانے کیلئے پشاورکی سطح پر تین ماہ کی "صحت کا انصاف "نامی مہم کابھی آغاز کر دیا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہفتے کے روز پشاور کا دورہ کیا۔اس دوران عمران خان نے مقامی ہوٹل میں ایک پریس کانفرنس کیدوران صحت کا انصاف نامی مہم کا باقاعدہ آغاز کیا،اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیرترین،وزیر اعلیٰ پرویز خٹک،ایم این اے اسد عمر،صوبائی جنرل سیکرٹری خالد مسعود ،وزیر صحت شوکت یوسفزئی،وزیر اطلاعات شاہ فرمان،اشتیاق ارمڑ،ضیا ء اللہ آفریدی،علی امین گنڈہ پور،نعیم الحق سمیت متعدد وزراء ،ایم پی ایز اور ایم این ایز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مہم پہلے مرحلے میں پشاور میں تین ماہ کیلئے شروع کی جائیگی اور مہم کیدوران تیس ہزاروں گھرانوں کے آٹھ لاکھ بچوں کیلئے ہرگھر ایسی ہیلتھ کٹس فراہم کی جائینگی جن میں نو بیماریوں سے بچاؤ کے قطرے موجود ہونگے جن میں قابل ذکرپولیو،کالی کھانسی،خسرہ ،نمونیا ،ٹی بی اوردیگر بیماریاں شامل ہیں۔کٹ میں ڈینگی فیور کے حوالے سے معلومات اور اس سے بچاؤ کے طریقہ کار پر مشتمل مواد بھی موجود ہو گا۔

عمران خان نے بتایا کہ مہم پر بیس ارب روپے اخراجات آئیں گے اور اس کیلئے ساڑھے بارہ ہزار رضا کار تیار کر لئے گئے ہیں،مہم بعد ازاں پورے صوبے تک پھیلا دی جائیگی۔انھوں نے کہا کہ رضا کاروں کے سفری اخراجات،کھانے کے اخراجات اور سیکورٹی حکومت کی ذمہ داری ہو گی۔صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شکیل آفریدی اور سی آئی اے نے پولیو مہم کی آڑ میں جو کیا اس کی وجہ سے لاکھوں پاکستانی بچوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں۔

یہ نقصان پاکستان کے بچوں کا ہوا۔انھوں نے کہا کہ اگر پولیو کو نہ روکا گیا تو کل کو پاکستانیوں کو کسی ملک کا ویزہ تک نہیں ملے گا۔انھوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اس بڑے پیمانے پر صحت کے حوالے سے کوئی مہم چلائی جا رہی ہے ۔انھوں نے میڈیا سے بھی اس مہم میں بھرپور ساتھ دینے کی اپیل کی۔قبل ازیں عمران خان نے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں انڈر 17 "کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام "کا بھی افتتاح کیا ۔

اس موقع پرسٹار کرکٹرزشاہد آفریدی،مشہور زمانہ کرکٹر،ذاکر خان،فضل اکبر،اختر سرفراز،وجاہت اللہ واسطی،تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین،ایم این اے اسد عمر،وزیر اعلی ٰ پرویز خٹک،صوبائی وزیر کھیل محمود خان،صوبائی جنرل سیکرٹری خالد مسعود،نعیم الحق سمیت متعدد صوبائی وزراء ،ایم پی ایز اور ایم این ایز بھی موجود تھے۔

عمران خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخو ااور فاٹا کے نوجوانوں میں بھرپور ٹیلنٹ موجود ہے اسے کسی نے صحیح طرح سے سامنے لانے کی کوشش نہیں کی۔موجودہ پروگرام کے تحت صوبے اور فاٹا کو ساٹ ڈویژنز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ان ڈویژنز کی ٹیموں کے انتخاب کیلئے ٹرائلز 28جنوری تک جاری رہیں گے جس کے بعد 8فروری سے ان ٹیموں کے درمیان انٹر ڈویژنل ٹورنامنٹ شروع ہو گا جس کا فائنل مارچ میں ہو گااور پھر انہی ٹیموں سے صوبے کی ٹیم بنائی جائیگی جہاں سے لڑکوں کو تیار کر کے قومی کرکٹ ٹیم میں بھیجا جائیگا۔

انھوں نے کہا کہ شاہد آفریدی جیسے کرکٹرز لڑکوں کی کوچنگ کرینگے۔عمران خان نے اس موقع پر اعلان کیا کہ اگلے چھ ماہ میں وعدے کے مطابق ہر تحصیل میں سپورٹس گراؤنڈ بنا دئے جائیں گے جبکہ اگلے سال ہر یونین کونسل کی سطح پر سپورٹس گراؤنڈ بنا دیا جائیگا۔انھوں نے کہا کہ انڈر 17ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام صوبے کے علاوہ فاٹا کے کھلاڑیوں کیلئے بھی ہے ۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پشاور پہنچتے ہی سب سے پہلے حیات آباد ٹول پلازہ پر تحریک انصاف کے دھرنا کیمپ کا اچانک دورہ بھی کیا اس موقع پر ان کیساتھ مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین،ایم این اے اسد عمر،نعیم الحق، صوبائی جنرل سیکرٹری خالد مسعود،صوبائی ترجمان و ایم پی اے اشتیاق ارمڑ،ضیاء اللہ آفریدی ودیگر رہنما بھی موجود تھے۔

عمران خان نے کارکنان کو کامیاب دھرنے پر مبارکباد اور خراج تحسین پیش کیا۔انھوں نے کہا کہ جب تک ڈرون حملے بند نہیں ہوتے نیٹو سپلائی نہیں کھولیں گے اور دھرنا بدستور جاری رہیگا۔انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت امن کے قیام میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور الیکشن سے قبل قوم سے کئے گئے وعدوں سے منہ پھیر کر امریکی غلامی میں جت گئی ہے ۔یاد رہے کہ ہفتے کو دھرنا کیمپ میں پی کے 2پشاور کے کارکنان نے لیاقت یوسفزئی اور فیاض خلیل کی قیادت میں دھرنا دیا۔