سابق آرمی چیف پرویز مشرف کو غدار کہنا ٹھیک نہیں، احمد رضا قصوری،مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دینے پر الطاف حسین اورمتحدہ قومی موومنٹ کا شکر گزار ہوں،پریس کانفرنس

اتوار 26 جنوری 2014 08:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جنوری۔2013ء) سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف پرویز مشرف کو غدار کہنا ٹھیک نہیں، مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دینے پر الطاف حسین اورمتحدہ قومی موومنٹ کا شکر گزار ہوں۔ غداری کیس میں پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری متحدہ قومی مووومنٹ کے مرکزنائن زیرو پہنچے جہاں انہوں نے رابطہ کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران احمد رضا قصوری نے ایم کیوایم کے رہنماوں سے پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کے حوالے سے مشاورت کی۔ملاقات کے بعدصحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے احمد رضا قصوری نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔ الطاف حسین اور متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے ملنے والی محبت پر ان کا شکر گزار ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط بنائیں گے، اللہ تعالیٰ دشمنوں سے پاکستان کی حفاظت کرے۔

احمد رضا قصوری نے کہا کہ پاکستان کی کمزوری کی وجہ سے بھارت میں مسلمانوں پر ظلم ہوتا ہے، مضبوط پاکستان ہی ہندوستان کے مسلمانوں کے لیے ڈھال بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کسی دباو کے تحت پاکستان نہیں آئے، سابق آرمی چیف کو غدار کہنا درست نہیں ہے۔ اس موقع پرمتحدہ قومی موومنٹ کی رہنما نسرین جلیل نے کہا کہ احمد رضا قصوری محبت کا پیغام لیکر آئے ہیں، سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطے رہنا چاہئیں۔ احمد رضاقصوری مسلم لیگ(فنکشنل) اور سندھ کی دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوں سے ملاقات کرکے پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس پر مشاورت کریں گے۔