بگ تھری پر وہ مو قف اپناو ں گا جس سے پاکستان اورکرکٹ کوفائدہ ہو،ذکااشرف ،بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سے بگ تھری کے معاملے پر مسلسل بات چیت ہوتی رہی ہے ، انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے رابطہ کیاہے ، بگ تھری کسی بھی موقف میں پاکستان کا مفاد پہلی ترجیح ہوگی،کوچ گورا ہویا کالا صرف وہی بنے گاجو ٹیم کے لئے اچھا ہوگا ،بنگلہ دیش ٹیم بھیجنے کا فیصلہ سکیورٹی ٹیم کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد کیا جائے گا، دبئی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو

اتوار 26 جنوری 2014 08:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جنوری۔2013ء)چیئر مین پی سی بی آئی سی سی کے اہم اجلاس میں شرکت کیلئے دبئی روانہ ہوگئے۔ ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ بگ تھری کے معاملے میں وہ موقف اپنائیں گے جس سے پاکستان اور کرکٹ کو فائدہ ہو گا۔آئی سی سی اجلاس میں شرکت کیلئے روانگی سے قبل لاہور ایرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں ذکا اشرف نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سے ان کی بگ تھری کے معاملے پر مسلسل بات چیت ہوتی رہی ہے اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے رابطہ کیاہے ، بگ تھری کسی بھی موقف میں پاکستان کا مفاد پہلی ترجیح ہوگی۔

ذکا اشرف نے کہا محمد عامر کے معاملے میں مثبت پیش رفت ہوسکتی ہے تاہم اس میں تھوڑا وقت لگے گا۔اپنی بحالی کے خلاف حکومتی اپیل پر ان کا کہنا تھا کہ وہ سب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ذکا اشرف نے کہا کہ کوچ ملکی ہو یا غیر ملکی فیصلہ کمیٹی کرے گی قومی ٹیم کا کوچ گورا ہو یا کالا صرف وہی بنے گا جسے کمیٹی چنے گی اور جو ٹیم کے لئے اچھا ہو گا۔

پاکستان کا مفاد سب سے زیادہ مقدم ہے اور کرکٹ بورڈ کا سربراہ ہونے کی حیثیت سے قوانین کے مطابق کام کر رہا ہوں، سب کو ساتھ لیکر چلنا ہے، کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہیئے۔ چیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ محمد عامر کے معاملے پر آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کے کرکٹ بورڈز کے حکام سے ملاقاتوں میں انہیں اس حوالے سے مثبت فیصلے پر قائل کر لیا تھا لیکن تینوں نے معاملے کے لئے کچھ وقت مانگا تھا، پھر درمیان میں 8 ماہ کا وقفہ آگیا اب دوبارہ سے اس معاملے پر بات کروں گا۔نجم سیٹھی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کئے جانے کے سوال پر ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ اپیل کرنا سب کا قانونی حق ہے، معاملہ عدالت میں ہے اس پر کوئی بیان جاری نہیں کروں گا۔