افغانستان میں افغان فضائیہ کی بس پر خودکش حملہ،4افراد ہلاک،حملے سے شہریوں کے علاوہ دوسرے لوگوں کو بھی نقصان پہنچا، پولیس سربراہ ، طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبو ل کر لی

پیر 27 جنوری 2014 08:21

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27جنوری۔2014ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں میں وزارت دفاع کی بس پر خودکش حملے میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔افغان وزارتِ دفاع کے ترجمان نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ خودکش حملہ آور نے اپنے آپ کو افغان فضائیہ کی بس کے قریب جاکر اڑا لیا جس کے نتیجے میں فضائیہ کے دو اہلکار اور دو شہری ہلاک ہوگئے۔

خود کش حملہ افغان شہر کے جنوب مشرقی علاقے میں ہوا جس کی آواز دور تک سنی گئی۔ افغان طالبان کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ حملہ انہوں نے کیا اور یہ ایک ہفتے کے اندر تیسرا بڑا حملہ ہے جو کابل میں ہوا ہے،وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ خود کش حملہ آور نے اپنے آ پ کو اس وقت اڑا لیا جب ایک بس وہاں سے گزر رہی تھی۔

(جاری ہے)

کابل کے پولیس سربراہ نے کہا ہے کہ حملے سے شہریوں کے علاوہ دوسرے لوگوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

واضح رہے کہ اس سال افغانستان سے غیر ملکی افواج کا انخلا ہو رہا ہے اور مبصرین کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں طالبان کے حملوں میں تیزی آئی ہے۔وزارت داخلہ کے ترجمان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ’خودکش حملہ آور پیدل تھا اور اس نے خود کو اس بس کے پاس دھماکے سے اڑا دیا جو وزارت دفاع کے لوگوں کو کام پر لے جا رہی تھی۔ بی بی سی کا کہنا ہے کہ سرکاری عملے کو بسوں میں کام پر لانا اور لے جانا ایک عام بات ہے اور یہ طالبان کے لیے آسان ہدف ہیں۔18 جنوری کو کابل میں ایک ریستوران پر خودکش حملے اور فائرنگ سے 13 غیر ملکیوں سمیت کم از کم 21 افراد ہلاک ہوگئے۔افغان طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی اور کہا تھا کہ انھوں نے دانستہ طور پر غیرملکیوں کو نشانہ بنایا۔